ڈاکٹر منموہن سنگھ کی آج آخری رسومات ،کانگریس ہیڈکوارٹر سے آخری سفر

,

   

جسدخاکی دیدار کیلئے صبح 8 بجے اے آئی سی سی ہیڈکوارٹر میں رکھا جائے گا۔ راج گھاٹ کے قریب آخری رسومات

نئی دہلی: سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کی آخری رسومات کل یہاں ادا کی جائیں گی اور اس سے قبل ان کا جسد خاکی صبح آخری دیدار کیلئے کانگریس ہیڈکوارٹر میں رکھا جائے گا۔ ڈاکٹر سنگھ کا جسد خاکی صبح 9.30 بجے آخری سفر کیلئے روانہ ہوگا۔ ذرائع کے مطابق ان کی آخری رسومات راج گھاٹ کے قریب ادا کی جائیں گی۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری کے ۔ سی وینوگوپال نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک پوسٹ میں کہا کل، 28 دسمبر، صبح 8 بجے ، ان کا جسد خاکی اے آئی سی سی ہیڈکوارٹر لے جایا جائے گا اور عوام اور کانگریس کارکنوں کو کل صبح 8.30 سے 9.30بجے کے درمیان انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کا موقع ملے گا۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری نے کہا کہ ڈاکٹر۔ سنگھ کا آخری سفر کل صبح 9.30 بجے اے آئی سی سی ہیڈکوارٹر سے شمشان گھاٹ کے لئے شروع ہوگا۔ ڈاکٹر سنگھ کا کل رات ایمس میں انتقال ہو گیا۔ آنجہانی رہنما کی آخری رسومات سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی جائیں گی۔ ان کے اعزاز میں یکم جنوری 2025 تک سات روزہ سرکاری سوگ کا اعلان کیا گیا ہے ۔ اس سوگ کے دوران ہندوستان بھر میں قومی پرچم نصف سر نگو رہے گا۔ بیرون ملک تمام ہندوستانی مشنوں؍ہائی کمیشنوں میں قومی پرچم بھی یکم ؍ جنوری 2025 تک سات دنوں تک نصف سر نگو رہے گا۔ ڈاکٹر سنگھ کی آخری رسومات کے دن مرکزی حکومت کے تمام دفاتر اور مرکزی حکومت کے عوامی اداروں میں آدھے دن کی سرکاری تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے ۔ مرکزی کابینہ نے آج یہاں دو منٹ کی خاموشی اختیار کر کے سابق وزیر اعظم کو جذباتی خراج عقیدت پیش کیا۔
ٹاملناڈو ،راجستھان میں ہفتہ بھر سوگ
چینائی: ٹاملناڈ اور راجستھان میں سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے اعزاز میں سات روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر منموہن سنگھ کا جمعرات کی رات نئی دہلی میں انتقال ہو گیا۔ چینائی میں جاری حکم نامہ کے مطابق 27دسمبر 2024سے یکم جنوری 2025 تک سات دنوں کیلئے تمام سرکاری کام کاج کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔ اس دوران قومی پرچم آنجہانی ڈاکٹر منموہن سنگھ کے احترام کیلئے سر نگوں رہے گا۔اجمیر میں حکومت راجستھان نے بھی آج اعلان کیا کہ 26دسمبر سے یکم جنوری تک سات روزہ سوگ منایا جائے گا۔ اس دوران قومی پرچم نصف بلندی پر رہے گا اور کوئی سرکاری یا تفریحی پروگرام منعقد نہیں کیا جائے گا۔
ڈاکٹر منموہن سنگھ کا جمعرات کے روز نئی دہلی کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) میں انتقال ہوگیا۔ ڈاکٹر منموہن سنگھ کو حکومت ہند کی طرف سے سرکاری اعزاز کے ساتھ آخری الوداعی دی جائے گی۔ آخری رسومات کے دن بیرون ملک تمام سفارتی مشن اور ہائی کمیشنوں پر قومی پرچم نصف سرنگوں رہے گا۔