بھوپال : بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی شریک تنظیم کے جنرل سکریٹری شیو پرکاش نے کہا کہ ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی نے کشمیر سے آرٹیکل 370 کے خاتمے کے لئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔شیو پرکاش نے یہ بات یہاں ڈاکٹر مکھرجی اور پارٹی کے آنجہانی رہنماؤں اور کارکنوں کی یاد میں شجرکاری پروگرام کے موقع پر کہی۔ انہوں نے کہا کہ جب مسلم لیگ کی جانب سے بنگال کو پاکستان میں شامل کرنے کی سازش کی جارہی تھی،تب ڈاکٹر مکھرجی نے اس کی مخالفت کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر آج مغربی بنگال ہندوستان کا حصہ ہے تو اس کا سہرا ڈاکٹر مکھرجی کو جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر مکھرجی ملک کے پہلے شہید تھے ، جنہوں نے ہندوستان کے اتحاد اور سالمیت کے لئے آزادی کے بعد اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر مکھرجی ایک باشعور عالم اور قوم پرست تھے ۔ وہ کم عمری میں ہی کلکتہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر بن گئے اور ملک کے وزیر صنعت کی حیثیت سے صنعتی ترقی کا آغاز کیا۔