ڈاکٹر مہیندر ریڈی نے گورنمنٹ چیف وہپ کے عہدہ کی ذمہ داری سنبھال لی

   

صدرنشین کونسل سکھیندر ریڈی، اسپیکر اسمبلی پرساد کمار اور ریاستی وزراء نے مبارکباد پیش کی
حیدرآباد۔/9 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز کونسل میں گورنمنٹ چیف وہپ ڈاکٹر پی مہیندر ریڈی نے آج اسمبلی کے احاطہ میں اپنے عہدہ کی ذمہ داری سنبھال لی۔ صدرنشین قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی اور سکریٹری لیجسلیچر نرسمہا چاریلو کی موجودگی میں انہوں نے اپنی ذمہ داری سنبھالی۔ اسپیکر قانون ساز اسمبلی جی پرساد کمار، ریاستی وزراء سریدھر بابو، پونم پربھاکر، ارکان اسمبلی رام موہن ریڈی، پرکاش گوڑ، پی شنکر، مال ریڈی رنگاریڈی، ارکان کونسل کودنڈا رام، بی وینکٹ، اے ملیش، بھانو پرکاش، ایم ایس پربھاکر، سابق رکن پارلیمنٹ مدھو یاشکی گوڑ، سابق رکن پارلیمنٹ جی رنجیت ریڈی، وقارآباد ضلع پریشد کی سابق صدرنشین پی سنیتا مہیندر ریڈی کے علاوہ حیدرآباد، رنگاریڈی، میڑچل اضلاع سے تعلق رکھنے والے کانگریس قائدین نے مہیندر ریڈی کو نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مہیندر ریڈی نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ چیف وہپ کی حیثیت سے وہ تمام ارکان کیلئے دستیاب رہیں گے۔ حکومت کی جانب سے عمل کی جارہی فلاحی اسکیمات کی زیادہ سے زیادہ تشہیر کی ضرورت پر زور دیا۔ اسپیکر اسمبلی پرساد کمار نے کہا کہ قانون ساز اداروں میں طویل تجربہ رکھنے والے مہیندر ریڈی کو چیف منسٹر نے گورنمنٹ چیف وہپ کے عہدہ پر مقرر کرتے ہوئے قابل ستائش اقدام کیا ہے۔1