حیدرآباد ۔ 12 نومبر ( سیاست نیوز) حیات نگر کے علاقہ میں ایک ڈاکٹر نے بیماری سے تنگ آکر خودکشی کرلی ۔ اس کی بیماری کے سبب بیوی نے لڑکے کے ہمراہ اس کا گھر چھوڑ دیا تھا ۔ بتایا جاتا ہیکہ 36سالہ رمیش جو پیشہ سے ایم بی بی ایس ڈاکٹر تھا ۔ لکچررز کالونی حیات نگر میں رہتا تھا ۔ سال 2013ء میں اس کی شادی ہوئی تھی اور اس کا ایک لڑکا بھی ہے ۔ یہ شخص اپنی بیوی اور بیٹے کے ہمراہ خوشحال زندگی بسر کررہا تھا ۔ سال 2016ء میں شدید ناساز صحت کے سبب اس ڈاکٹر نے اپنا علاج کروایا اور شحص کو ایک مہلک مرض کی تصدیق ہوئی جس سے اس کی ازدواجی زندگی پر کافی برا اثر پڑا اور بیوی نے بچے کو لے کر مائیکے کا رخ کیا ۔ پولیس کے مطابق فبروری سال 2019ء میں اس کی بیوی گھر چھوڑ کر چلی گئی جس کے بعد سے یہ ڈاکٹر مزید پریشان و ذہنی تناؤ کا شکار ہوگیا ۔ اس نے ایک انجکشن لے کر انتہائی اقدام کرلیا ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔