ڈاکٹر ٹی سوندارجن ، تلنگانہ کی نئی گورنر

,

   

مرکزی حکومت کی جانب سے احکام جاری، آئندہ ہفتہ جائزہ لینے کا امکان

حیدرآباد۔یکم ستمبر (سیاست نیوز) مرکزی حکومت نے بھارتیہ جنتا پارٹی قومی جنرل سیکریٹری ڈاکٹر ٹی سونداراجن کو گورنر تلنگانہ نامزد کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں احکام جاری کئے جا چکے ہیں۔ ڈاکٹر ٹی سونداراجن جو کہ تمل ناڈو میں بی جے پی کی ریاستی صدر رہ چکی ہیں وہ اب تلنگانہ کی نئی گورنر ہوں گی۔ مسٹر ای ایس ایل نرسمہن جو کہ طویل مدت تک گورنر رہنے کا اعزاز حاصل کرچکے ہیں انہیں کوئی عہدہ نہیں دیا گیا ہے بلکہ ان کی جگہ بھارتیہ جنتا پارٹی قائد کو گورنر تلنگانہ بنائے جانے کے احکام جاری کئے گئے ہیں۔ ڈاکٹر ٹی سوندارجن سابق رکن پارلیمنٹ و سینئر کانگریس قائد کماری آنندن کی دختر ہیں جنہوں نے اپنی سیاسی زندگی کی شروعات ہی بھارتیہ جنتا پارٹی سے کی ۔ وہ سیاست میں سرگرم ہونے سے قبل پیشہ سے ایک ڈاکٹر ہیں جو کہ موٹاپا اور نسوانی امراض کی ماہر ہیں۔ ڈاکٹر ٹی سوندارجن کے شوہر بھی پیشہ کے اعتبار سے ڈاکٹر ہیں۔گورنر تلنگانہ کی حیثیت سے نامزدگی پر انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی قائدین سے ٹوئیٹر کے ذریعہ اظہار تشکر کیا اور کہا کہ وہ انہیں دی جانے والی ذمہ داریوں کو بہتر انداز میں نبھانے کی مکمل کوشش کریں گی۔ ڈاکٹر ٹی سوندارجن 4 مرتبہ انتخابات میں حصہ لیا لیکن وہ ناکام رہی جن میں وہ دو مرتبہ تمل ناڈو اسمبلی کے لئے اور دو مرتبہ پارلیمنٹ کے لئے انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی امیدوار رہی لیکن انہیں کامیابی نہیں مل پائی ۔وہ مدراس میڈیکل کالج کی فارغ ہیں اورسال 2013سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی جنرل سیکریٹری کے عہدہ پر فائز ہیں۔مسٹر ای ایس ایل نرسمہن جو کہ ڈسمبر 2009 میں آندھرا پردیش کے گورنر کی حیثیت سے حیدرآباد پہنچے تھے اور انہوںنے ریاست میں علحدہ ریاست تلنگانہ تحریک کی شدت کے دوران کمان سنبھالی تھی اور علحدہ ریاست کی تشکیل کے بعد وہ دونوں ریاستوں آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے گورنر رہے ۔ مرکزی حکومت نے گذشتہ ماہ کے اوائل میں آندھراپردیش کے گورنر کی ذمہ داری سے ہٹایا تھا اور ان کی جگہ بسوابھوشن ہری چندن کو یہ ذمہ داری تفویض کی گئی تھی اور آج صدر جمہوریہ کی جانب سے جاری کردہ حکم نامہ کے بعد مسٹر ای ایس ایل نرسمہن کی جگہ ریاست تلنگانہ کی گورنر ڈاکٹر ٹی سوندارجن ہوں گی۔ بتایاجاتا ہے کہ ڈاکٹر ٹی سوندارجن آئندہ ہفتہ راج بھون حیدرآباد میں اپنی نئی ذمہ داریوں کا جائزہ لیں گی ۔ ڈاکٹر ٹی سوندارجن نے 1999میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی سرگرم سیاست میں حصہ لیتے ہوئے اپنے سیاسی سفر کا آغاز کیا تھا۔