پوسٹل خدمات کو مزید بہتر بنانے عہدیداروں سے مشاورت
حیدرآباد۔/25 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ڈاکٹر پی وی ایس ریڈی نے چیف پوسٹ ماسٹر جنرل تلنگانہ سرکل کے عہدہ کا جائزہ حاصل کرلیا۔ ڈاکٹر پی وی ایس ریڈی 1993 انڈین پوسٹل سرویس بیاچ سے تعلق رکھتے ہیں اور وہ فی الوقت پوسٹ ماسٹر جنرل حیدرآباد ریجن کے عہدہ پر فائز تھے۔ انہیں ترقی دیتے ہوئے چیف پوسٹ ماسٹر جنرل تلنگانہ سرکل مقرر کیا گیا۔ ڈاکٹر ریڈی کا انتخاب 1992 سیول سرویسس امتحانات کے ذریعہ ہوا اور 1993 میں سنٹرل سیول سرویسیس گروپ اے میں شمولیت اختیار کی۔ انہیں انڈین اگریکلچرل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ نئی دہلی نے زرعی شعبہ میں گولڈ میڈل سے نوازا ہے۔ 1980 میں حیدرآباد پبلک اسکول بیگم پیٹ سے اسکولی تعلیم کی تکمیل کی اور 1982 میں لٹل فلاور جونیر کالج سے انٹر میڈیٹ کیا جبکہ متحدہ آندھرا پردیش میں اگریکلچرل یونیورسٹی سے 1986 اور 1988 میں گریجویشن اور پوسٹ گریجویشن کی تکمیل کی۔ وہ متحدہ آندھرا پردیش، مدھیہ پردیش، مہاراشٹرا، اوڈیشہ اور ٹاملناڈو پوسٹل سرکلس میں مختلف عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ڈاکٹر ریڈی ریاستی حکومت میں جائنٹ سکریٹری اور NIPHM کے رجسٹرار کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ڈاکٹر ریڈی نے سینئر عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے پوسٹ آفسوں کی کارکردگی مزید بہتر بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر پوسٹ آفس ون اسٹاپ شاپ کے طرز پر ہونی چاہیئے۔ میلس اور پارسلس کی بروقت ڈیلیوری کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے پوسٹل ڈپارٹمنٹ کے تحت موجود دیگر خدمات کو بھی بہتر بنانے کا مشورہ دیا۔ ڈاکٹر ریڈی نے 17394 پوسٹل اسٹاف سے اپیل کی کہ وہ ٹکنالوجی کا موثر استعمال کرتے ہوئے اپنی خدمات کو بہتر بنائیں۔