آنجہانی قائد کی 100 سالہ یوم پیدائش تقریب ، مختلف قائدین کا خطاب
حیدرآباد۔ 13 جنوری (این ایس ایس) متحدہ آندھرا پردیش کے سابق چیف منسٹر ڈاکٹر مری چنا ریڈی کا صد سالہ یوم پیدائش آج یہاں ڈاکٹر ایم سی آر میمورئیل ٹرسٹ اور گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے زیراہتمام منایا گیا۔ آنجہانی ڈاکٹر چنا ریڈی کو اندرا پارک راک گارڈنس پر واقع ان کی یادگار پر پھول نچھاور کرتے ہوئے مختلف جماعتوں کے قائدین نے پراثر خراج عقیدت ادا کیا۔ یادگار کے قریب بھجنوں کا اہتمام کیا گیا۔ ڈاکٹر ریڈی کے فرزند اور سابق رکن اسمبلی ایم ششی دھر ریڈی کے علاوہ ان کے ارکان خاندان نے بھی خراج عقیدت ادا کیا۔ بحیثیت چیف منسٹر آندھرا پردیش، مرکزی وزیر اترپردیش، پنجاب، راجستھان اور ٹاملناڈو کے گورنر کی حیثیت سے ان کی خدمات کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ وہ ایک بہترین منتظم بصیرت کی حامل شخصیت اور مدبر تھے۔ ڈاکٹر ریڈی کی یادگار پر آج صبح 9 بجے سے ان کے ہزاروں مداح اور حامیوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔ 100 سالہ یوم پیدائش تقریب میں آندھرا پردیش کے سابق چیف منسٹر اور ٹاملناڈو کے سابق گورنر کے روشیا، سابق مرکزی وزراء بنڈارو دتاتریہ، ایس جئے پال ریڈی، سابق ریاستی وزراء ڈی کے سمر سمہا ریڈی، این نرسمہا ریڈی، جے گیتا ریڈی، ڈی کے ارونا، محمد علی شبیرت سابق اسپیکر کے آر سریش ریڈی، صدر پردیش کانگریس کمیٹی این اتم کمار ریڈی، ارکان پارلیمنٹ نندی یلیا اور ٹی سبی رامی ریڈی نے بھی شرکت کی۔ مختلف جماعتوں کے دیگر کئی اہم قائدین اور کارکنوں اور مختلف شعبہ ہائے حیات کی ممتاز شخصیات نے بھی یادگار پھول نچھاور کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت ادا کیا۔