یوپی حکومت کو سپریم کورٹ کا جھٹکہ، ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار
نئی دہلی: سپریم کورٹ نے اترپردیش حکومت کی اس درخواست کو خارج کر دیا ہے جس میں ڈاکٹر کفیل خان کی رہائی کے الہ آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنچ کیا گیا تھا۔ سپریم کورٹ کے اس فیصلہ سے خوش ڈاکٹر کفیل خان نے عدلیہ پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ ڈاکٹر کفیل خان نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’میرے قومی سلامتی ایکٹ کے تحت میری حراست کو رد کرنے کے ہائیکورٹ کے فیصلہ کو چیلنج کرنے والی یوپی حکومت کی عرضی کو سپریم کورٹ نے خارج کر دیا۔ مجھے عدالت پر پورا یقین تھا، مجھے انصاف ملا۔ اللہ کا شکر، جے ہند، جے بھارت۔‘‘سپریم کورٹ نے ہائیکورٹ کے فیصلہ پر کہا کہ ’’یہ فیصلہ ایک بہتر فیصلہ نظر آتا ہے۔ چیف جسٹس بوبڈے کی قیادت والی سپریم کورٹ کی بنچ نے ڈاکٹر کفیل کی رہائی کے ہائیکورٹ کے فیصلہ میں مداخلت کرنے سے انکار کر دیا۔ یکم ستمبر کو الہ آباد ہائیکورٹ کے ذریعہ ڈاکٹر کفیل کی رہائی کے فیصلہ کے بعد یوپی حکومت کی کافی سرزنش ہوئی تھی جس کے بعد اس نے اسے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا اور درخواست ‘ داخل کی تھی۔گورکھپور کے رہائشی ماہر اطفال ڈاکٹر کفیل کو جنوری 2020 میں ممبئی سے گرفتار کیا گیا تھا اور ان کی گرفتاری کی بنیاد اس تقریر کو بنایا گیا جو انہوں نے شہریت ترمیمی قانون کیخلاف 13 دسمبر 2019 کو علیگڑھ مسلم یونیورسٹی میں دی تھی۔