الہ آباد : ڈاکٹر کفیل خان کے خلاف معطلی کے دوسرے آرڈر پر الہ آباد ہائیکورٹ نے حکم التوا جاری کیا۔ 31 جولائی 2019ء کو ڈاکٹر کفیل کو دوسری مرتبہ معطل کیا گیا جبکہ وہ پہلے سے ہی معطلی میں تھے۔ ان کے خلاف دوسری کارروائی اس بنیاد پر کی گئی کہ انہوں نے بہرائچ ڈسٹرکٹ ہاسپٹل میں مریضوں کا مبینہ طور پر زبردستی علاج کیا اور حکومت کی پالیسیوں پر تنقیدیں کررہے تھے۔ قبل ازیں انہیں اگست 2017ء میں گورکھپور کے بی آر ڈی میڈیکل کالج میں سانحہ پیش آنے کے بعد معطل کیا گیا تھا۔ اس واقعہ میں آکسیجن کی مبینہ قلت کے سبب تقریباً 60 بچے فوت ہوگئے تھے۔ ڈاکٹر کفیل کی رٹ پٹیشن کی سماعت کے بعد جسٹس سرل سریواستو نے حکام کو اندرون ایک ماہ انکوائری ختم کرلینے کی ہدایت دی۔