چیف سکریٹری کے احکامات ، مخلوعہ راجیہ سبھا نشست پر کانگریس قائدین کی نظر
حیدرآباد ۔ 6 جولائی (سیاست نیوز) بی آر ایس اور راجیہ سبھا کی رکنیت سے مستعفی ہوکر کانگریس میں شامل ہونے والے سینئر قائد ڈاکٹر کے کیشوراؤ کو تلنگانہ حکومت نے کابینی وزیر درجے کے ساتھ حکومت کا مشیر برائے (عوامی امور) نامزد کیا ہے۔ اس سلسلہ میں چیف سکریٹری شانتی کماری نے احکامات بھی جاری کئے ہے۔ واضح رہیکہ بی آر ایس کے سکریٹری جنرل و رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر کے کیشوراؤ نے دہلی پہنچ کر حال ہی میں کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے سے ملاقات کرتے ہوئے کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔ اس موقع پر راہول گاندھی، چیف منسٹر تلنگانہ اے ریونت ریڈی کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے۔ کانگریس میں شمولیت کے دوسرے دن ڈاکٹر کے کیشوراؤ نے راجیہ سبھا کے صدرنشین جگدیش دھنکر سے شخصی طور پر ملاقات کرتے ہوئے راجیہ سبھا رکنیت سے استعفیٰ دیدیا جس کو صدرنشین راجیہ سبھا نے قبول کرلیا۔ اسی دن دہلی کے دورہ پر رہنے والے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے ڈاکٹر کے کیشوراؤ سے خیرسگالی ملاقات کی اور ڈاکٹر کے کیشوراؤ کی خدمات سے استفادہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کابینی درجہ کے ساتھ حکومت کا مشیر نامزد کیا جائے گا۔ وعدہ کے مطابق حکومت نے انہیں مشیر بناتے ہوئے احکامات جاری کردیئے۔ ڈاکٹر کے کیشوراؤ کی راجیہ سبھا کی میعاد مزید دو سال باقی ہے۔ تلنگانہ سے راجیہ سبھا کی ایک نشست مخلوعہ ہوئی ہے جس پر تلنگانہ کانگریس قائدین کی نظر ہے۔ ریاست میں پردیش کانگریس کی صدارت کیلئے پارٹی کے کئی قائدین دوڑ میں ہے۔ کانگریس پارٹی ہائی کمان تلنگانہ کانگریس کے کسی ایک قائد کو راجیہ سبھا کا رکن بنائے گی یا دہلی کوٹہ میں پارٹی کے کسی قومی قائد کو نامزد کرے گی اس کا نوٹیفکیشن کی اجرائی کے بعد ہی پتہ چلے گا۔2