حیدرآباد : ساؤتھ زون پولیس نے فارماسسٹس کو انتباہ دیا کہ اگر وہ ڈاکٹر کی تجویز کردہ دوا کی چٹی کے بغیر عادی بنانے والی دوائیں (ڈرگس) فروخت کریں گے تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ یہ انتباہ ’ منشیات کے عادی افراد کی جانب سے فارمیسیز سے زائد رقم ادا کرتے ہوئے ڈرگس حاصل کرنے کے واقعات میں اضافہ ہونے کے بعد دیا گیا ۔ یہاں منعقدہ ایک میٹنگ میں فلک نما ڈیویژن کے کوئی 200 فارمیسی اسٹور اونرس نے شرکت کی جس میں اے سی پی ، فلک نما ایم اے مجید نے کہا کہ نوجوان ایسی ادویات استعمال کررہے ہیں جنہیں ڈاکٹر کی چٹی کے بغیر فروخت نہیں کیا جاسکتا ہے اور اس کے زیر اثر جرائم کا ارتکاب کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ’’فارمیسی اونرس کو زیادہ ذمہ داری کے ساتھ دوا فروخت کرنی چاہئیے اور پیسوں کی خاطر عادی افراد کو کوئی بھی دوا حوالہ نہیں کرنا چاہئیے ۔ فارمیسی اونرس اگر قانون کی خلاف ورزی کرنے کے مرتکب پائے گئے تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ مقدمات درج کئے جائیں گے ۔ اور لائسینسیس منسوخ کئے جائیں گے ۔