بالٹیمور: دنیا بھر میں نہ صرف عام لوگ بلکہ اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد کا بھی ایک مشترکہ مسئلہ ہے کہ انہیں ڈاکٹر کی لکھائی سمجھ میں نہیں آتی۔ بسا اوقات تو ڈاکٹر ایسی لکھائی میں دوا تجویز کرتے ہیں کہ میڈیکل اسٹور پر تجربہ کار لوگ بھی اسے سمجھنے سے قاصر رہتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں کی مشکل تحریر کی وجہ یہ ہے کہ انہیں ماضی میں مسلسل لکھنے کی عادت رہی ہوتی ہے، کیونکہ میڈیکل کے شعبے میں تشخیص یا علاج سے متعلق لیکچرز کے دوران نوٹس لکھنا ضروری ہوتا ہے، جس کی وجہ سے ڈاکٹرز کی لکھائی پیچیدہ ہوتی ہے۔ ایک امریکی ڈاکٹر کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ ماضی میں میڈیکل کے شعبہ کیلئے مسلسل لکھنے کی مشق ڈاکٹرز کی عادت بن چکی ہوتی ہے، اور پھر یہی ان کا طرز تحریر بن جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 24 میں سے 12 گھنٹے تک لکھنا ایک مشکل اور تھکا دینے والا کام ہے، جیسے جیسے وقت بڑھتا ہے، ڈاکٹرز کے ہاتھوں کے پٹھے کھنچنے لگتے ہیں اور لکھائی خراب ہوتی جاتی ہے۔