ڈاکٹر کی غفلت سے ہندوستانی خاتون کی موت،شوہر اور بچوں کو 39 لاکھ روپئے معاوضہ

   

نئی دہلی 6 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) متحدہ عرب امارات میں رہنے والے ایک ہندوستانی تارک وطن کو شارجہ کی ایک عدالت نے 39 لاکھ روپئے معاوضہ کا مستحق قرار دیا۔ عدالت نے طبی غفلت کے ایک مقدمہ میں یہ فیصلہ سنایا۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ اس ہندوستانی کی بیوی کے علاج اور ادویات دینے کے معاملہ میں ڈاکٹروں نے غلطی کا ارتکاب کیا۔ نتیجہ میں اس کی موت ہوگئی۔ رپورٹس کے مطابق عدالت نے شارجہ میں واقع ڈاکٹر سنی میڈیکل سنٹر اور اس کے ڈاکٹر درشن پربھا راجہ رام پی نارائنا کو جو ہندوستان سے تعلق رکھتے ہیں کو حکم دیا ہے کہ وہ متوفی خاتون بلپسی ٹام کے شوہر جوزف ابراہام کو دو لاکھ درہم (39,04,709) روپئے بطور معاوضہ ادا کرے۔ عدالت نے یہ بھی حکم دیا کہ اس رقم کو مسٹر ابراہام اور ان کے دو بچوں میں مساوی تقسیم کردیا جائے۔ واضح رہے کہ بلپسی کے ارکان خاندان نے 10 لاکھ درہم معاوضہ کی ادائیگی کا مطالبہ کیا تھا۔ آپ کو بتادیں کہ بلپسی ٹام کا تعلق کیرالا کے ضلع کولم سے تھا اور وہ شارجہ یونیورسٹی اسپتال میں اسٹاف نرس کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہی تھیں۔ نومبر 2015 ء میں پستان میں انفیکشن کے علاج کے لئے وہ ایک خانگی اسپتال سے رجوع ہوئی تھی۔ ڈاکٹر نے اُسے لازمی ٹسٹ کئے بناء ایک اینٹی بائیوٹک انجکشن دے دیا جس کے ساتھ ہی وہ بے ہوش ہوگئی جس پر اسے شارجہ کے القاسم اسپتال منتقل کیا گیا لیکن چند گھنٹوں بعد اس کی موت ہوگئی۔