جنیوا ۔ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے جنوبی افریقہ سے سامنے آنے والے کرونا وائرس کے نئے ویریئنٹ ’اومی کرون‘ کے بارے میں خبردار کیا ہے کہ یہ وائرس کرونا کے دیگر اقسام کی نسبت زیادہ تیزی سے پھیلتا ہے۔ ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ حالیہ ہفتوں کے دوران جنوبی افریقہ میں مذکورہ ویریئنٹ کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ خیال رہے کہ اومی کرون پانچواں ویریئنٹ ہے جسے اتنا مہلک قرار دیا گیا ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق لوگوں میں اومی کرون ویریئنٹ کی تشخیص کرونا کی پہلے کی اقسام کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے ہو رہی ہے اور اس کے پھیلنے کی رفتار قدرے تیز ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق کرونا کے پی سی آرٹسٹ میں اس ویریئنٹ کی تشخیص کی جا سکتی ہے۔ واضح رہے کہ کرونا وائرس کا نیا ویریئنٹ جنوبی افریقہ میں سامنے آیا ہے جس کو ڈبلیو ایچ او نے ’اومی کرون‘ کا نام دیا ہے جس کی تشخیص کے بعد متعدد ممالک نے افریقہ کے متعدد ممالک سے پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔