نیویارک: ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) نے آسٹرا زینیکا کی کورونا ویکسین کے استعمال سے انکار کرنے کے عمل سے خبردار کیا ہے۔ گزشتہ روز جنوبی افریقی حکام کی طرف سے برطانوی سویڈش ادویات ساز کمپنی آسٹرا زینیکا کی تیار کردہ ویکسین کے استعمال کو فی الحال معطل کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ جنوبی افریقی حکام کے مطابق یہ ویکسین ان کے ملک میں کورونا کی تبدیل شدہ شکل کے خلاف موثر ثابت نہیں ہو رہی۔ ڈبلیو ایچ او کے ایمرجنسی ڈائریکٹر مائیکل ریان نے زور دے کر کہا کہ موجودہ صورتحال میں وبائی امراض کو قابو میں رکھنے کے لیے دستیاب تمام ذرائع استعمال کرنا ضروری ہیں۔ تحقیقی اتحاد سی ای پی آئی کا کہنا ہے کہ ویکسین کی افادیت کو کم سمجھنا قبل از وقت ہے۔