نئی سائنسی پیشرفت کو خوش آئند قرار دیا
ماسکو، 17 جون (سیاست ڈاٹ کام) عالمی صحت تنظیم (ڈبلیو ایچ او) نے سنگین طور سے کورونا وائرس (کووڈ۔19) سے متاثر مریضوں کے علاج میں موثر دوا ڈیکسامیتھاسون کے کلینیکل تجربہ کے ابتدائی نتائج کا خیر مقدم کیا ہے ۔ڈبلیو ایچ او کے ڈائرکٹرجنرل ٹیڈروس ادھانوم گریبیس نے منگل کو ایک پریس ریلیز میں بتایا کہ ‘‘یہ پہلا علاج ہے جس میں آکسیجن اور وینٹی لیٹر کا سہارا لے رہے کووڈ۔19 مریضوں کی موت کے خطرے کو کم کیا جاتا ہے ۔ یہ بہت اچھی خبر ہے اور میں برطانوی حکومت، یونیورسٹی آف آکسفورڈ، برطانیہ کے کئی اسپتالوں اور مریضوں کو مبارک باد دیتا ہوں۔ جنہوں نے زندگی بچانے والی اس سائنسی کامیابی میں اپنا کردار ادا کیا ہے ۔’’یونیورسٹی آف آکسفورڈ کے ریسرچ کے مطابق یہ دوا کووڈ۔19 مریضوں میں موت کے خطرات کو کم کرنے میں موثر ثابت ہوئی ہے ۔ یہ دوا وینٹی لیٹر کا سہارا لینے والے کورونا مریضوں کی موت کے خطرے کو35 فیصد اور آکسیجن کا سہارا لینے والے مریضوں کی موت کے خطرے کو 20 فیصد تک کم کردیتا ہے ۔ڈبلیو ایچ او نے کہا ہے کہ محققین نے ڈیکسامیتھاسون کے کلینیکل تجربہ کے ابتدائی نتائج کو اشتراک کیا ہے اور تنظیم آنے والے دنوں میں اس پر تفصیلی تجزیہ کی امید کرتا ہے جو ایک خوش آئند بات ہے ۔