واشنگٹن۔ 15اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مائیکروسافٹ کے شریک بانی اور چیئرمین بل گیٹس نے عالمی وبا کورونا وائرس کے مسلسل بڑھتے کیسیس کے درمیان امریکہ کی جانب سے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی فنڈنگ روکنے کے فیصلہ کو خطرناک قرار دیا ہے ۔ گیٹس نے چہارشنبہ کو ٹوئٹ کرکے کہا کہ اس عالمی صحت کے بحران کے دوران ڈبلیو ایچ او کی فنڈنگ روکنا خطرناک ہے ۔مائیکروسافٹ کے چیئرمین نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او کی جانب سے کئے جا رہے کاموں سے کووڈ ۔19کے انفیکشن کو پھیلنے سے روکنے میں مدد ملی ہے ،اگر ڈبلیو ایچ او کا کام رک جاتا ہے تو کوئی دوسری تنظیم اس کی جگہ نہیں لے سکتی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ وقت میں دنیا کو ڈبلیو ایچ او کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے ۔اس سے پہلے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کو دئیے جانے والے فنڈ کو روکنے کی ہدایت دی تھی، ٹرمپ نے ڈبلیو ایچ او پر کوروناوائرس کے انفیکشن کو پھیلنے سے روکنے میں ناکام رہنے اور اس سے متعلق صحیح معلومات چھپانے کا الزام لگایا ہے ۔انہوں نے منگل کو وائٹ ہاؤز میں باقاعدہ پریس بریفنگ کے دوران کہاآج میں اپنی انتظامیہ کو ڈبلیو ایچ او کی فنڈنگ روکنے کی ہدایت دے رہا ہوں۔کووڈ ۔19کے حوالہ سے بدنظمی اور اس کے بڑھتے ہوئے کیسیس کو چھپانے میں ڈبلیو ایچ او کے کردار کا جائزہ لیا جائے گا۔قابل غور ہے کہ امریکہ ڈبلیو ایچ او کوسالانہ 40 سے 50 کروڑ ڈالر کی مالی امداد فراہم کرتا ہے ۔