ڈبل انجن حکومتوں میں کیا ڈبل بیڈروم مکانات دیئے جارہے ہیں

   

گریٹر حیدرآباد میں 11,700 ڈبل بیڈروم مکانات تقسیم کرنے کے پروگرام سے ہریش راؤ کا خطاب
حیدرآباد ۔ 2 ستمبر (سیاست نیوز) ریاستی وزیرفینانس و صحت ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ ریاست میں بی جے پی کے قائدین ڈبل انجن سرکار کی بات کررہے ہیں۔ جن ریاستوں میں بی جے پی کی حکومت ہے کیا وہاں غریب عوام کو ڈبل بیڈروم مکانات دیئے جارہے ہیں۔ بی جے پی کے قائدین سے استفسار کرتے ہوئے عوام سے وضاحت کرنے پر زور دیا۔ جی ایچ ایم سی کے حدود میں آج غریب عوام میں 11,700 ڈبل بیڈروم مکانات تقسیم کئے گئے۔ کلور میں ڈبل بیڈروم مکانات تقسیم کرنے کے پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے ہریش راؤ نے اپوزیشن جماعتوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرنے میں پوری طرح ناکام ہوگئے ہیں۔ حکومت کے اچھے کاموں کی ستائش کرتے ہوئے عوامی مفادات کو ملحوظ رکھنے اور حکومت کو مشورے اور تجاویز دینا چاہئے مگر تلنگانہ کے اپوزیشن قائدین تنقید برائے تنقید کرتے ہوئے عوام میں اپنا اعتماد مزید کھورہی ہیں۔ ملک کے جن ریاستوں میں بی جے پی اور کانگریس کی حکمرانی ہے، وہاں کے غریب عوام کو ڈبل بیڈروم نہیں دیئے جارہے ہیں۔ یہاں تک کے بنیادی سہولتوں سے محروم کیا جارہا ہے۔ غریب لڑکیوں کی شادیوں کیلئے کلیان لکشمی شادی مبارک اسکیمات متعارف کی گئی ہیں۔ عوام کو معیاری طبی خدمات فراہم کرنے کیلئے بستی دواخانے قائم کئے گئے ہیں۔ مفت پینے کا پانی سربراہ کیا جارہا ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر نے غریب عوام کی عزت و نفس کو بلند کرنے کیلئے مفت میں 70 لاکھ مالیت کے ڈبل بیڈروم مکانات تقسیم کررہے ہیں۔ ہریش راؤ نے فلاحی اسکیمات پر کامیابی سے عمل کرنے والے چیف منسٹر کے سی آر کو آشیرواد دیتے ہوئے بی آر ایس پارٹی کو مسلسل تیسری مرتبہ حکومت تشکیل دینے کیلئے بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ گریٹر حیدرآباد کے مختلف مقامات پر وزراء اور ارکان اسمبلی نے ڈبل بیڈروم مکانات تقسیم کرنے کے پروگرامس میں حصہ لیا۔ن