2047 تک ہم وکست بھارت بن جائیں گے ۔ کرنول میں وزیر اعظم مودی کا خطاب
حیدرآباد 16 اکتوبر ( سیاست نیوز) وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ آندھرا پردیش خودداری اور تہذیب و ثقافت کی سرزمین ہے ۔ کرنول کے نواح میں جلسہ سے خطاب میں انہوں نے یہ بات کہی۔ اس موقع پر چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو، گورنر جسٹس عبدالنذیر، ڈپٹی چیف منسٹر پون کلیان، نارا لوکیش اور دیگر موجود تھے ۔ وزیراعظم نے ریاست میں مختلف مقامات پر 13,429 کروڑ کی لاگت والے ترقیاتی منصوبوں کا ورچوئل افتتاح اور سنگِ بنیاد رکھا۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش سائنس اور اختراعات کا مرکز ہے ۔ یہاں لامحدود امکانات و نوجوانوں میں قوت اور صلاحیت ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو اور پون کلیان کی شکل میں اے پی کو مضبوط قیادت حاصل ہے ۔ مرکز سے ریاست کو تعاون حاصل ہے ۔ گزشتہ دس ماہ سے ترقی کی رفتار تیز ہو گئی ہے ۔ ڈبل انجن حکومت کی قیادت میں ریاست غیر معمولی پیش رفت کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 2047 تک ہمارا ملک ‘وِکست بھارت’ بن جائے گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ریاست میں رابطوں کو مزید مضبوطی حاصل ہوگی۔ ان منصوبوں سے صنعتوں کو فروغ کے ساتھ عوام کے معیار زندگی میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ کسی ملک یا ریاست کی ترقی کیلئے توانائی کی سلامتی اہم ہے ۔ ٹرانسمیشن پراجکٹس کے ذریعہ ملک کی توانائی کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔ گوگل کے اے آئی ڈیٹا سنٹر کے قیام سے آندھرا پردیش سب سی گیٹ وے کے طور پر ابھرے گا۔ یہ منصوبہ وشاکھاپٹنم کو اے آئی اور کنیکٹیویٹی ہب میں تبدیل کرے گا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان کی ترقی کیلئے آندھرا پردیش کی ترقی ناگزیر ہے اور آندھرا کی ترقی کیلئے رائلسیما کی پیش رفت بھی ضروری ہے ۔ یہ منصوبے رائلسیما کے ہر ضلع میں روزگار کے مواقع پیدا کریں گے اور خطہ کی ترقی کیلئے نئے دروازے کھولیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا ہندوستان کو اکیسویں صدی کے مینوفیکچرنگ مرکز کے طور پر دیکھ رہی ہے وزیراعظم نے الزام عائد کیا کہ کانگریس حکومتوں نے آندھرا کی صلاحیتوں کو نظرانداز کیا۔ این ڈی اے حکومت میں ریاست کا چہرہ بدل رہا ہے ۔ وزیر اعظم نے اعلان کیا کہ جلد ہی 15 لاکھ گھروں کو پائپ لائن سے گیس سپلائی کی جائیگی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ وشاکھاپٹنم میں اے ایم ہب، ڈیٹا سنٹر اور سب سی کیبل جیسے منصوبے بن رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے اپنی تقریر کا آغاز تلگو زبان میں کیا ۔ش