2 کروڑ ملازمتوں کی فراہمی اور ہر اکاؤنٹ 15 لاکھ کے جھوٹے وعدے : ملکارجن کھرگے کی مودی حکومت پر تنقید
نئی دہلی : کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے نے بی جے پی اور وزیر اعظم نریندر مودی کو آج ایک بار پھر شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ روزانہ 115 لوگ خودکشی کر نے پر مجبور ہو رہے ہیں اور اس کے لیے ذمہ دار ’ڈبل انجن‘ ہے۔ ملکارجن کھرگے نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے ’’گجرات میں ہر دن 9 دِہاڑی مزدور خودکشی کرتے ہیں، ہندوستان میں ہر دن 115 دِہاڑی مزدور خودکشی کرتے ہیں۔ آپ کے ’ڈبل انجن‘ نے اپنے خطرناک پہیوں کے نیچے غریبوں کی امیدوں کو کچل دیا ہے۔‘‘واضح رہے کہ کانگریس صدر کھرگے لگاتار مرکز کی مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ انھوں نے اس سے قبل حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کڑا رخ اختیار کیا تھا اور کہا تھا کہ ’’کسی وزیر اعظم کسی وزیر داخلہ نے جھوٹ نہیں بولا، یہ جھوٹ بول رہے ہیں۔ کہتے ہیں کہ 2 کروڑ ملازمتیں دیں گے، تو کبھی کہتے ہیں ایک ایک اکاؤنٹ میں 15 لاکھ روپے دیں گے، لیکن سب جھوٹ ہے۔‘‘کھرگے عوام کے ذریعہ منتخب حکومت کو اقتدار سے ہٹانے کا الزام بھی بی جے پی پر عائد کر چکے ہیں۔ انھوں نے ایک بیان میں کہا کہ کانگریس پارٹی نے کئی حکومتیں بنائیں، لیکن بی جے پی نے اراکین اسمبلی کو لالچ دے کر اپنی حکومت بنا لی، اور پھر یہ جمہوریت کی حفاظت کی بات کرتے ہیں۔ بی جے پی کا اصل مقصد نفرت اور تخریب پیدا کرنا ہے، لیکن بھارت جوڑو یاترا ان عناصر سے لڑ رہی ہے اور اس کو اپنے مقاصد میں کامیابی حاصل ہوگی اور اس کی جیت ہوگی۔ کانگریس قائد راہول گاندھی کی قیادت میں ملک کی 12 ریاستوں میں بھارت جوڑو یاترا کا سلسلہ جاری ہے۔ اس وقت بھارت جوڑو یاترا پنجاب کے لدھیانہ میں جاری ہے۔ بھارت جوڑو یاترا کو ملک بھر میں عوام کی زبردست حمایت حاصل ہورہی ہے۔ راہول گاندھی نے بھی حال ہی میں ہریانہ کے پانی پت میں ایک ریالی سے خطاب کرتے ہوئے مودی حکومت کو اگنی ویر اسکیم اور دیگر اسکیمات کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ نوجوانوں کی بیروزگاری میں ہریانہ چمپئن بن گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ قبل ازیں ایک فوجی کو ملک کی خدمت کیلئے 15 سال کا موقع دیا جاتا تھا۔ مناسب تربیت کے علاوہ ریٹائرمنٹ کے فوائد بھی دیئے جاتے تھے لیکن اب 5 سال کے بعد وہ بیروزگار ہورہا ہے۔