ڈبل انجن والی حکومتیں بیٹیوں کے لیے لعنت:کانگریس

   

وزیراعظم کے بڑے بڑے دعوے پورے ملک کے سامنے، الکا لامبا کی پارٹی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس

نئی دہلی: کانگریس نے کہا ہے کہ ملک میں بی جے پی کی ڈبل انجن والی حکومت کے تحت بیٹیوں کے خلاف ہر روز جرائم ہو رہے ہیں اور زیادہ تر واقعات میں بی جے پی کے لیڈروں کے نام سامنے آ رہے ہیں، لیکن حکومت ٹھوس کارروائی نہیں کر پا رہی ہے اور بیٹیوں کی حفاظت سے متعلق وزیر اعظم نریندر مودی کے وعدے کھوکھلے ثابت ہو رہے ہیں۔ خواتین کانگریس کی صدر الکا لامبا نے آج یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ وزیراعظم بڑے بڑے دعوے کرتے ہیں لیکن سچائی کیا ہے یہ پورے ملک کے سامنے ہے ۔ ملک میں جہاں کہیں بھی بی جے پی کی ‘ڈبل انجن’ حکومت ہے ، وہ ریاست بیٹیوں کے لیے لعنت ثابت ہو رہی ہے ۔ ہریانہ، مدھیہ پردیش، مہاراشٹر، گجرات، اتراکھنڈ، راجستھان، جہاں بھی دیکھو بیٹیوں کے خلاف کئی گھناؤنے جرائم ہوئے ہیں اور پولیس ان معاملات میں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر کی بیٹی اور اس کے دوستوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کا معاملہ مہاراشٹر میں سامنے آیا ہے ۔ ایف آئی آر سے پتہ چلتا ہے کہ چھیڑ چھاڑ کرنے والا بی جے پی کا سابق کونسلر ہے ۔ ان کی تصویریں مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ اور بی جے پی کے اعلیٰ لیڈروں کے ساتھ ہیں۔ سوال یہ ہے کہ اگر مرکزی وزیر کو خود انصاف نہیں ملتا تو انہیں اپنے عہدے سے استعفیٰ دے کر اپنی بیٹی کے ساتھ ساتھ دوسری بیٹیوں کے لیے بھی لڑنا چاہئے ۔ 8مارچ کو یوم عالمی خواتین ہے لیکن جو جرائم بیٹیوں کے خلاف ہو رہے ہیں ان کا کیا بنے گا؟ پنے میں 19 سالہ لڑکی کو چاقو کی نوک پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا، واقعے کی ویڈیو بھی بنائی گئی لیکن اس کیس میں کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ گجرات میں گزشتہ نو برسوں میں بیٹیوں کے خلاف جرائم کے تقریباً 17 ہزار واقعات ہوئے ہیں۔ ہر ماہ تقریباً 200 بیٹیاں انصاف کے لیے تھانے پہنچتی ہیں۔ گجرات میں ایک دلت خاتون کی عصمت دری کے معاملے میں ہائی کورٹ کے حکم پر بی جے پی کے ایک ایم ایل اے کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی گئی۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پولیس بیٹیوں کے ساتھ نہیں بلکہ مجرموں کے ساتھ کھڑی ہے ۔ کانگریس کی لیڈر نے کہا ”ہریانہ میں یونیورسٹی کی لڑکی کا پانچ سال تک ریپ کیا جاتا ہے ۔ ہماری بیٹیوں کی عصمت دری ہو رہی ہے ، شکایتیں کی جا رہی ہیں لیکن بی جے پی حکومت خاموش تماشائی بن کر جرائم کو پنپنے دے رہی ہے۔ کیا اس کی ڈور ہریانہ کے بی جے پی لیڈروں سے جڑی ہوئی ہے ؟ مدھیہ پردیش کی بات کریں تو یہاں ٹیکم گڑھ میں تین نابالغ بیٹیوں کی عصمت دری اور ایک 14 سالہ لڑکی نے خودکشی کر لی۔ ایسے میں سوال یہ ہے کہ کیا لڑکی کو خودکشی پر مجبور کیا گیا؟ کیونکہ یہاں ہونے والے جرائم کی ڈور بھی بی جے پی کے لوگوں سے جڑی ہوئی ہے۔

مودی حکومت قانون حق معلومات کو کمزور کر رہی ہے :کانگریس
نئی دہلی: کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے آج حکومت پر ڈیٹا تحفظ قانون کے نام پر حق اطلاعات قانون کو کمزور کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ راشن کارڈ، منریگا اور عوامی بہبود کی اسکیموں میں دھوکہ دہی کرنے والوں اور سرکاری بینکوں سے قرض لے کر بیرون ملک فرار ہونے والوں کے ناموں کو عام کیا جانا چاہئے ۔کھرگے نے کہا کہ ایک طرف ہندوستان گزشتہ چند برسوں سے غلط اطلاعات اور گمراہ کن معلومات میں سرفہرست ہے ، دوسری طرف مودی حکومت ڈیٹا پروٹیکشن قانون لا کر کانگریس کی قیادت والی یو پی اے کی حکومت کے ذریعہ پہلے نافذکردہ آر ٹی آئی کو کمزور کرنے پر آمادہ ہے ۔ چاہے وہ پبلک سیکٹر میں معلومات ہوں جیسے راشن کارڈ کی فہرست، منریگا سے فائدہ اٹھانے والے مزدور، عوامی بہبود کی اسکیموں میں شامل لوگوں کے نام، انتخابات میں ووٹر لسٹ یا گھوٹالے کرنے والے ارب پتیوں کے نام جو سرکاری بینکوں سے قرض لے کر بیرون ملک فرار ہو جاتے ہیں، ان سب کے ناموں کو عوام کے دیکھنے کے لیے عام کیا جانا ضروری ہے ۔ لیکن اب مودی حکومت ڈیٹا کے تحفظ کے نام پر آر ٹی آئی کو کمزور کر رہی ہے ، جس کی وجہ سے اب ایسے ناموں کو عام نہیں کیا جائے گا۔