ڈبل بیڈروم مکانات اسکیم میں 9000 کر وڑ کا کرپشنبی جے پی کا الزام، ریاستی سطح پر احتجاج کا فیصلہ

   

حیدرآباد ۔20۔ جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ بی جے پی نے ڈبل بیڈروم مکانات کی اسکیم پر عوامی احتجاج منظم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ بی جے پی کی جانب سے ڈبل بیڈروم مکانات کے استفادہ کنندگان کے ساتھ عوامی سماعت کا اہتمام کیا جائے گا تاکہ اسکیم پر عمل آوری کے لئے ریاستی سطح پر احتجاج منظم کیا جائے۔ بی جے پی کے ریاستی نائب صدر کے وینکٹیشورلو اور خیریت آباد کے سابق رکن اسمبلی سی ایچ رام چندرا ریڈی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت نے غریبوں کے لئے مکانات کی تعمیر کے مقصد سے 17000 کروڑ روپئے جاری کئے لیکن حکومت کی جانب سے رقومات کے خرچ کا کوئی حساب کتاب نہیں دیا گیا ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اسکیم پر عمل آوری میں بڑے پیمانہ پر کرپشن ہوا ہے اور بی آر ایس کے قائدین نے 9000 کروڑ ہڑپ لئے ہیں۔ بی جے پی قائدین کا کہنا ہے کہ 2015 ء میں ڈبل بیڈروم مکانات کی اسکیم متعارف کی گئی لیکن گزشتہ 9 برسوں میں محض 23000 مکانات تقسیم کئے گئے۔ ریاست بھر میں 70,000 مکانات زیر تعمیر ہیں۔ بی جے پی قائدین نے الزام عائد کیا کہ بعض مقامات پر مکانات کی تکمیل کے باوجود استفادہ کنندگان کو مکانات الاٹ نہیں کئے گئے ۔ بی جے پی تلنگانہ حکومت کے خلاف ریاست گیر احتجاج کی تیاری کر رہی ہے۔ پارٹی صدر کشن ریڈی نے احتجاجی لائحہ عمل طئے کرنے کے لیے سینیئر قائدین کا اجلاس طلب کیا ہے ۔ر