ڈبل بیڈروم مکانات کیلئے جعلسازوں کے جھانسے میں نہ آئیں

   

غریب عوام کو ریاستی وزیر وی سرینواس گوڑ کا مشورہ ، شفافیت کے ساتھ اسکیم پر عمل جاری

محبوب نگر ۔ 29 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ڈبل بیڈ روم مکانات کیلئے غریب عوام درمیانی آدمیوں کے جھانسے میں نہ آئیں۔ کئی افراد جعلی کاغذات تیار کرکے غریب عوام کو دھوکہ دینے کی اطلاعات وصول ہورہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر آبکاری وی سرینواس گوڑ نے اپنے صحافتی بیان میں کیا۔ انہوں نے پولیس کارروائی کی ستائش کی جنہوں نے جعلی دستاویزات تیار کرنے والوں کو حراست میں لے لیا۔ حکومت شفافیت کے ساتھ غریب عوام کی شناخت کرکے ڈبل بیڈرومس حوالے کررہی ہے۔ انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ بھی غیرقانونی طریقہ سے ڈبل بیڈرومس حاصل کرنے کی کوشش نہ کریں کیونکہ اس سے دوہرے نقصان کا خطرہ ہے بلکہ ایسے درمیانی افراد رقم کیلئے رجوع ہوں تو فوری پولیس کو مطلع کریں۔ انہوں نے عہدیداروں کو بھی اس تعلق سے نظر رکھنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے پھر ایک بار جعل سازوں کو انتباہ دیا کہ سخت ترین کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔