ڈبل بیڈروم مکانات کیلئے خیریت آباد میں غریبوں کا احتجاج

   

20 ہزار کا وعدہ تھا لیکن 200 مکانات تعمیر نہیں ہوئے، کانگریس قائدین کی تنقید
حیدرآباد۔22 ۔اکتوبر (سیاست نیوز) حیدرآباد میں حکومت کی جانب سے تعمیر کردہ ڈبل بیڈروم مکانات کے الاٹمنٹ کیلئے عوام سے عہدیداروں پر دباؤ میں اضافہ ہوچکا ہے۔ حلقہ خیریت آباد میں 210 مکانات اندرا نگر علاقہ میں مکمل کئے گئے۔ اسکے علاوہ امبیڈکر نگر میں 128 مکانات کے الاٹمنٹ میں تاخیر کے خلاف مقامی افراد نے اے آئی سی سی ترجمان ڈاکٹر ڈی شراون کی قیادت میں احتجاج کیا۔ 2018 ء انتخابات میں ڈی ناگیندر نے 20,000 مکانات کی تعمیر کا اعلان کیا تھا لیکن گزشتہ سات برسوں میں 200 مکانات الاٹ نہیں کئے گئے۔ عوام کا کہنا ہے کہ ٹی آر ایس سے وابستہ افراد کو مکانات الاٹ کرنے کی تیاری ہے جبکہ حقیقی غریب خاندان محروم ہوجائیں گے۔ ڈاکٹر شراون نے اندرا نگر کالونی اور مہا بھارت نگر کا دورہ کرکے زیر تعمیر مکانات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے گریٹر حیدرآباد کے حدود میں ایک لاکھ مکانات کی تعمیر کا وعدہ کیا تھا لیکن ابھی تک محض 2000 مکانات الاٹ کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ہائی کورٹ نے مکانات کے الاٹمنٹ کے سلسلہ میں حکومت سے وضاحت طلب کی ہے۔ ڈاکٹر شراون نے وعدہ کی تکمیل میں ناکامی پر ڈی ناگیندر سے استعفیٰٰ کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رکن اسمبلی کو غریبوں سے کئے گئے وعدہ کی تکمیل میں کوئی دلچسپی نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈبل بیڈروم مکانات کے علاوہ حلقہ میں کئی دیرینہ مسائل کا عوام کو سامنا ہے ۔ دھرنے میں شامل خواتین نے ڈی ناگیندر کو انتباہ دیا کہ اگر تعمیر کردہ مکانات فوری الاٹ نہیں کئے گئے تو احتجاج میں شدت پیدا کی جائے گی ۔ اس موقع پر جنرل سکریٹری آل انڈیا یوتھ کانگریس انیل کمار یادو ، ڈیویژن پریسیڈنٹ کے رمیش ، کے وینکٹیش ، دھنراج گوڑ ، سرینواس یادو ، سابق کارپوریٹر محمد شریف ، محمد ذاکر محمد طاہر ، محمد فاروق ، تاج خان اور دوسرے موجود تھے۔ر