ڈبل بیڈروم مکانات کی تقسیم، دوسرے مرحلہ کی کل قرعہ اندازی

   

گریٹر حیدرآباد کے 24 اسمبلی حلقوں میں 21 ستمبر کو 13,300 مکانات تقسیم کئے جائیں گے
حیدرآباد ۔ 13 ستمبر (سیاست نیوز) ڈبل بیڈروم مکانات کے دوسرے مرحلہ کی تقسیم کیلئے 15 ستمبر کو کلکٹریٹ حیدرآباد میں قرعہ اندازی ہوگی۔ جی ایچ ایم سی حدود میں شامل 24 اسمبلی حلقوں کے جملہ 13,300 اہل افراد میں ڈبل بیڈروم مکانات تقسیم کئے جائیں گے۔ ہر اسمبلی حلقہ سے 500 خوش نصیبوں کا قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب کیا جائے گا۔ کلکٹر حیدرآباد انودیپ دروشیٹی نے بتایا کہ حکومت نے جو رہنمایانہ خطوط جاری کئے ہیں، اس کے تحت ریزرویشن کے طریقہ پر عمل کرتے ہوئے این آئی سی ویب پورٹل کی مدد سے آن لائن قرعہ اندازی نظام کے تحت استفادہ کنندگان کا انتخاب کیا جائے گا اور مکانات رینڈمائزیشن طریقہ سے الاٹ کئے جائیں گے۔ کلکٹر حیدرآباد نے کہا کہ پہلے مرحلہ میں گریٹر حیدرآباد کے 15 اسمبلی حلقوں کے 11,700 افراد کا انتخاب کرتے ہوئے کامیاب طریقہ سے عمل کیا گیا ہے۔ پہلے مرحلہ میں بھی آن لائن قرعہ اندازی کی گئی تھی جس میں کوئی سیاسی مداخلت نہیں تھی۔ دوسرے مرحلہ کے استفادہ کنندگان کا انتخاب آن لائن لاٹری سے کیا جائے گا۔ اس میں بھی کوئی سیاسی مداخلت نہیں رہے گی۔ حکومت کے جاری کردہ قواعد کی بنیاد پر عمل کیا جائے گا۔ عوام درمیانی افراد پر بھروسہ کرتے ہوئے دھوکہ دہی کا شکار نہ ہو شفاف طریقہ سے اہل افراد کا انتخاب کیا جارہا ہے۔ قرعہ اندازی میں ایس سی، ایس ٹی، بی سی، معذورین کیلئے جو تحفظات ہیں، اس نظام پر عمل کیا جائے گا۔ دوسرے مرحلہ کے مکانات کی تقسیم کے جائزہ کیلئے اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا گیا ۔ن