ڈبل بیڈروم مکانات کی دواخانوں میں تبدیلی ممکن

   

حیدرآباد۔5مارچ(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں ملٹی نیشنل کمپنی میں کورونا وائرس کے مشتبہ مریض کے معائینوں کے بعد اس بات کی توثیق ہوچکی ہے کہ مذکورہ شحص کورونا وائرس سے متاثر نہیں ہے لیکن علامات کے سبب اسے سخت نگہداشت میں رکھتے ہوئے علاج کیا جا رہاہے۔ ریاستی وزیر صحت مسٹر ایٹالہ راجندر نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں کورونا وائرس کے مشتبہ 19 مریضوں کے معائنوں کے بعد یہ واضح ہوچکا ہے کہ وہ کورونا وائرس کا شکار نہیں ہیں۔ انہوں نے بتایا ریاستی حکومت کی جانب سے COVID19 پر قابو پانے کیلئے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے اور اس کمیٹی کے ذریعہ متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ مسٹر ایٹالہ راجندر نے بتایا کہ ریاست میں کورونا وائرس اگر وبائی شکل اختیار کرجاتا ہے تو ایسی صورت میں ریاستی حکومت کے پاس 10ہزار بستر موجود ہیں جہاں مریضوں کے علاج کو ممکن بنایا جاسکتا ہے لیکن اگر اس کے علاوہ بھی دواخانوں اور بستروں کی ضرورت محسوس ہوتی ہے تو شہر حیدرآباد کے علاوہ اطراف نواحی علاقوں میں موجود نو تعمیر شدہ ڈبل بیڈ روم فلیٹس کو دواخانوں میں تبدیل کرتے ہوئے استعمال کیا جائے گا اور وہاں کورونا وائرس کے علاج کے انتظاما ت کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ یوم مائنڈ اسپیس میں پائے گئے مشتبہ مریض کے منفی پائے جانے کے بعد ریاست میں کورونا وائرس سے متاثرہ صرف ایک ہی شخص ہے جو دبئی سے براہ بنگلورو حیدرآباد پہنچا ہے ۔ ریاستی وزیر صحت نے کہا کہ حکومت کی جانب سے تمام محکمہ جات کو اس بات کی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے شعور بیداری مہم کو یقینی بنائیں اور عوام کو اس بات سے واقف کروائیں کہ حکومت کی جانب سے وائر س سے متاثرہ اور جن لوگوں میں علامات پائی جا رہی ہیں ان کے علاج کے لئے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ دو مریضوں کے جو نمونے حاصل کئے گئے تھے ان کے معائنوں کے بعد وہ منفی پائے گئے اور یہ مشتبہ مریض بارڈر لائن پر ہیں اسی لئے ان کا علاج کیا جا رہاہے۔انہو ںنے بتایا کہ گذشتہ 24 گھنٹو ں کے دوران ایسی کوئی علامات ظاہر نہیں ہوئی ہیں جن کی بنیاد پر یہ کہا جاسکے کہ ریاست میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے لیکن اس کے باوجود ریاستی حکومت کی جانب سے مکمل احتیاط کی جا رہی ہے اور اس بات کی کوشش کی جا رہی ہے کہ جس کسی میں بھی یہ علامات ظاہر ہورہی ہوں ان کے معائنوں کو یقینی بناتے ہوئے تشخیص اور علاج کیا جاسکے ۔انہو ںنے بتایا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے حکومت کے پاس کافی طبی عملہ موجود ہے اور عملی کی کمی کی اطلاعات بے بنیاد ہیں۔ مسٹر ایٹالہ راجندر نے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں گاندھی ہاسپٹل‘ فیور ہاسپٹل کے علاوہ چیسٹ ہاسپٹل میں کورونا وارئس کے متاثرین کے علاج و معالجہ کے لئے طبی عملہ موجود ہے اور ان دواخانو ںمیں مریضوں کے علاج کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔پریس کانفرنس کے دوران ریاستی وزیر صحت نے محکمہ صحت کے عہدیداروں اور عملہ کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں کورونا وائرس کے مریض کی نشاندہی کے ساتھ ہی جس طرح محکمہ کی جانب سے اقدامات کئے گئے ہیں اس کے کافی بہتر نتائج برآمد ہوئے ہیں اور مرکزی حکومت کی جانب سے بھی ریاست تلنگانہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج ومعالجہ کے لئے کئے جانے والے اقدامات اور وائرس کو روکنے کیلئے کی جانے والی کاروائی کو یقینی بنائے جانے پر حکومت کی ستائش کی جارہی ہے۔مسٹر ایٹالہ راجندر نے گاندھی ہاسپٹل میں کورونا وائرس سے متاثرہ شخص کا علاج اور دیکھ بحال کر رہی ٹیم سے ملاقات کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ ریاستی حکومت اور انسانیت ان کی ان خدمات کو یاد رکھے گی۔ واضح رہے کہ ڈاکٹرس اور طبی عملہ کی جانب سے کورونا وائرس کے مریضوں کی موجودگی اور ان کے سبب وائرس پھیلنے کے خدشات کے تحت خوف کا اظہار کیا جا رہا تھا جس پر ریاستی وزیر صحت نے ان سے ملاقات کرتے ہوئے حوصلہ افزائی کی۔