ڈبل بیڈروم مکانات کے سلسلہ میں بروکرس کا شکار نہ ہوں

   

رکن اسمبلی پدمارائو کی عوام سے اپیل
حیدرآباد۔ 4 جنوری (سیاست نیوز) سابق وزیر اور سکندرآباد کے رکن اسمبلی ٹی پدما رائو نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ڈبل بیڈروم مکانات کے سلسلہ میں بروکرس کا شکار نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سابق میں ڈبل بیڈروم مکانات فراہم کرنے کے لیے بروکرس نے عوام کو دھوکہ دیا تھا۔ اس سلسلہ میں کئی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ درمیانی افراد غریب عوام کو دھوکہ دے کر ہزاروں روپئے حاصل کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو کوئی بھی عوام کو دھوکہ دہی میں ملوث ہوں گے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ پدما رائو نے کہا کہ ڈبل بیڈروم مکانات کے لیے ای سیوا مراکز پر آن لائین درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں۔ ای سیواسنٹرس پر قطار سے فائدہ اٹھاکر بروکرس عوام سے بھاری رقومات حاصل کرتے ہوئے مکان دلانے کا لالچ دے رہے ہیں۔ پدمارائو نے آج اپنے دفتر میں غریب افراد کو ڈبل بیڈروم مکانات کے درخواست فارم کے بارے میں تفصیلات سے واقف کروایا۔ انہوں نے کہا کہ سادہ کاغذ پر درخواستوں کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ درخواستیں کلکٹریٹ یا پھر ریونیو عہدیداروں کے پاس داخل کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ ای سیوا سنٹر پر صرف 35 روپئے ادا کرنے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ درخواستوں کے ادخال کے لیے کوئی آخری تاریخ مقرر نہیں ہے۔ جو بھی مستحق غریب خاندان پائے جائیں انہیں مکان فراہم کیا جائیگا۔