ڈبل بیڈ روم اسکیم سے پرانے شہر کے افراد محروم !

   

مختلف حلقوں کے غریب عوام کو الاٹ کردہ مکانات پر عدالت کی روک
حیدرآباد۔3۔اکٹوبر۔(سیاست نیوز) حکومت کی ڈبل بیڈ روم اسکیم سے پرانے شہر کے مکینوں کو محروم رکھا جا رہاہے !شہر کے مختلف علاقوں میں تعمیر کئے جانے والے ڈبل بیڈ روم فلیٹس میں ریاستی حکومت کی جانب سے پرانے شہر کے جن درخواست گذاروں کو فلیٹس کی تخصیص عمل میں لائی گئی ہے وہ درست نہیں ہے اور حکومت تلنگانہ کی جانب سے حلقہ اسمبلی مہیشورم کے منڈل (منکھال) میں حلقہ جات اسمبلی ملک پیٹ‘ چارمینار ‘ یاقوت پورہ اور چندرائن گٹہ سے تعلق رکھنے والے غریب عوام کو الاٹ کئے گئے ڈبل بیڈ روم فلیٹس کی تخصیص کے عمل پر تلنگانہ ہائی کورٹ نے روک لگادی ہے۔ریاستی حکومت کی جانب سے گذشتہ دنوں پرانے شہر کے حلقہ جات اسمبلی سے تعلق رکھنے والے زائد از500 درخواست گذاروں کو ڈبل بیڈ روم اسکیم منکھال (مہیشورم) میں تخصیص کے احکام حوالہ کئے گئے تھے اور اس سلسلہ میں منعقدہ تقریب میں جن بے گھر عوام کو ڈبل بیڈ روم اسکیم کے تحت منکھال میں فلیٹس حوالہ کرنے کے احکامات جاری کئے گئے تھے انہیں فلیٹس کا قبضہ دیا جانا باقی تھا لیکن 25 ستمبر کو تلنگانہ ہائی کورٹ نے حلقہ اسمبلی مہیشورم کے علاقہ میں دیگر حلقہ جات اسمبلی کے عوام کو فلیٹس حوالہ کرنے کے خلاف داخل کی گئی رٹ درخواست کی سماعت کرتے ہوئے درخواست گذار کی جانب سے کی گئی اپیل کے مطابق عبوری احکام جاری کرتے ہوئے حکومت تلنگانہ کو ہدایت دی کہ وہ فلیٹس کی حوالگی پر روک لگا دے۔ تلنگانہ ہائی کورٹ کی جانب سے جاری کردہ احکامات جو کہ 14 مختلف درخواست گذاروں کی جانب سے داخل کی گئی رٹ درخواست نمبر 26633/2023 میں جاری کئے گئے ہیں اس میں درخواست گذاروں کی جانب سے سینیئر کونسل مسٹر بی مئیور ریڈی نے عدالت میں پیش کردہ درخواست پر مباحث میں حصہ لیتے ہوئے حلقہ اسمبلی مہیشورم میں دیگر حلقہ جات اسمبلی چارمینار‘ یاقوت پورہ‘ چندرائن گٹہ اور ملک پیٹ کے درخواست گذاروں کو مکانات کی تخصیص کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ منکھال میں تعمیر کئے گئے ڈبل بیڈ روم مکانات کو محض حلقہ مہیشورم کے درخواست گذاروں کو الاٹ کیا جانا چاہئے ۔ریاستی حکومت کی جانب سے جہاں کہیں ڈبل بیڈ روم اسکیم کے تحت فلیٹس کی تعمیر عمل میں لائی جا رہی ہے وہاں اس حلقہ اسمبلی سے تعلق رکھنے والے 10 فیصد درخواست گذاروں کو فلیٹس کی تخصیص کے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔حکومت اور محکمہ امکنہ کی جانب سے پیش ہونے والے وکیل اور درخواست گذار کے وکیل کے موقف کی سماعت کے بعد عدالت نے فلیٹس کی حوالگی پر عبوری روک لگانے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔