ڈبل بیڈ روم امکنہ جات تعمیری کاموں کو جلد مکمل کیا جائے: پرشانت ریڈی

   

ریاستی وزیر کا نظام آباد وکاماریڈی عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس
نظام آباد :11؍ جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) وزیر عمارات و شوارع مسٹر پرشانت ریڈی نے متحدہ ضلع میں ڈبل بیڈ روم امکنہ جات کے تعمیری کاموں کو جلداز جلد مکمل کرنے کیلئے عہدیداروں کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا اور اس موقع پر عہدیداروں کو ہدایت دیتے ہوئے بتایا کہ لاک ڈائون کی وجہ سے ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر رک گئے تھے لہذا ان کاموں میں تیزی پیدا کرتے ہوئے جلداز جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔ مسٹر پرشانت ریڈی نے محکمہ ہائوزنگ کے عہدیداروں کے ساتھ حیدرآباد میں ایک اجلاس منعقد کیا اور متحدہ ضلع نظام آباد ، کاماریڈی کے عہدیداروں کے ساتھ تفصیلی طور پر بات چیت کی اوردونوں اضلاع میں جاری ڈبل بیڈ روم کاموں کا جائزہ لیا اور کہا کہ چیف منسٹر مسٹر چندر شیکھر رائو ڈبل بیڈ روم کے کاموں کو خصوصی توجہ دے رہے ہیں اور ریاست کے ہر بے گھر کو گھر فراہم کرنے کیلئے سنجیدہ ہے اور دسہرہ تک ایک لاکھ ڈبل بیڈروم استفادہ کنندگان کو فراہم کرنے کیلئے سنجیدہ ہے لہذا ان کاموں میں تیزی پیدا کرتے ہوئے وقت مقررہ پر مکمل کریں اور استفادہ کے انتخاب کو بھی باقاعدہ طور پر انجام دیں ۔ مسٹر پرشانت ریڈی نے سڑکوں کی تعمیری کاموں کو بھی جائز ہ لیتے ہوئے لاک ڈائون کی وجہ سے جو کام رکے ہوئے تھے ان کاموں کو شروع کریں اور وقت مقررہ پر ختم کریں تاکہ ہر دیہات میں سڑک کی سہولت حاصل رہیں ۔ انہوں نے متحدہ ضلع کے عہدیداروں سے اس خصوص میں لاپرواہی نہ برتنے کی ہدایت دی اور کاموں کی تکمیل کیلئے جنگی خطوط پر اقدامات کرنے ہدایت دی ۔