دسہرہ تک اندراماں کمیٹیاں تشکیل دینے، راجیو ساوگروہا مکانات نیلام کرنے کا حکم
حیدرآباد۔/25 ستمبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے عہدیداروں کو دسہرہ تہوار تک گاؤں، وارڈ، منڈل، ٹاؤن، اسمبلی حلقہ، ضلعی سطح کی کمیٹیاں تشکیل دینے کیلئے ایک دو دن میں رہنمایانہ خطوط تیار کرنے کی ہدایت دی۔ تمام اہل افراد کو اندراماں مکانات فراہم کرنے پر زور دیا۔ چیف منسٹر نے آج اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس طلب کرتے ہوئے اندراماں مکانات کا جائزہ لیا۔ اس اجلاس میں وزیر امکنہ پی سرینواس ریڈی، چیف منسٹر کے مشیر ویم نریندر ریڈی، چیف سکریٹری شانتی کماری، چیف منسٹر کے پرنسپل سکریٹری وی شیشادری کے علاوہ دوسرے موجود تھے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ پردھان منتری آواس یوجنا اسکیم سے ملک کی دوسری ریاستوں کو لاکھوں کی تعداد میں مکانات منظورہورہے ہیں اس معاملے میں تلنگانہ کافی پیچھے ہوگیا ہے۔ اس مرتبہ مرکز سے منظور کئے جانے والے مکانات میں زیادہ سے زیادہ مکانات تلنگانہ کو حاصل کرنے کی کوشش کی جائے۔ مرکزی حکومت کو دی جانے والی معلومات فوری دی جائیں۔ عہدیداروں نے چیف منسٹر کو بتایا کہ بڑے پیمانے پر اندراماں مکانات کی تعمیرات شروع کرنے پر انجینئرنگ عملہ کی قلت کا سامنا کرنا پڑے گا۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے ضرورت پڑنے پر آؤٹ سورسنگ بنیاد پر تقررات کرلینے کی عہدیداروں کو ہدایت دی اور ساتھ ہی عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ راجیو ساوگروہا میں تعمیر کرنے کے بعد غیر استعمال رہنے والے مکانات اور بلاکس کو نیلام کیا جائے۔ برسوں اس کو بے کار رکھنا مناسب نہیں ہے فوری ہراج کرنے پر زور دیا۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے استفسار کیا کہ ڈبل بیڈ روم مکانات کی تقسیم کیلئے اہل افراد کا انتخاب کرنے کے باوجود مستحقین کے حوالے کیوں نہیں کیا گیا۔ ڈبل بیڈ روم مکانات فوری تقسیم کردینے کا حکم دیا۔2