ڈبل بیڈ روم مکانات کے الاٹمنٹ میں مسلمانوں کو 12 فیصد حصہ

   

ایس سی، ایس ٹی طبقات کیلئے کوٹہ مقرر، شہر میں مکانات کے الاٹمنٹ کا سلسلہ جاری
حیدرآباد۔ تلنگانہ حکومت نے ڈبل بیڈ روم مکانات کے الاٹمنٹ میں کمزور طبقات کو ترجیح دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن حدود میں مکانات کے الاٹمنٹ کے سلسلہ میں رہنمایانہ خطوط طئے کئے جس کے مطابق تمام طبقات کو موثر نمائندگی یقینی بنانے کاسٹ کی بنیاد پر مساوی تقسیم عمل میں لائی جائیگی۔ ہر اسمبلی حلقہ میں 1000 مکانات کی تعمیر کا نشانہ مقرر کیا گیا جن میں سے تقریباً 10 فیصد مکانات کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے۔ شہری علاقوں میں ہر اسمبلی حلقہ میں آبادی کے اعتبار سے مکانات کا نشانہ مقررکیا گیا۔ حکومت نے مکانات کیلئے موصولہ درخواستوں میں ایس سی طبقہ کو 17 فیصد، ایس ٹی طبقہ کو 6 فیصد، اقلیتوں کو 12 فیصد مکانات الاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ دیگر طبقات کو باقی مکانات الاٹ کئے جائیں گے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ضرورت پڑنے پر طئے شدہ فیصد میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ حکومت نے جی او ایم ایس 10 مورخہ 10 ستمبر 2015 کو مکانات کے الاٹمنٹ کے سلسلہ میں قواعد طئے کئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ گذشتہ دنوں سری رام نگر اور گاندھی نگر میں جو سکندرآباد کنٹونمنٹ کے علاقے ہیں 264 ڈبل بیڈ روم مکانات استفادہ کنندگان کو الاٹ کئے گئے۔ ان میں سے 200 مکانات گاندھی نگر میں ہیں جو 15.50 کروڑ سے تعمیر کئے گئے جبکہ سری رام نگر کے 64 مکانات پر 4.96 کروڑ کا خرچ آیا ہے۔ 200 مکانات 7 مختلف بلاکس پر مشتمل ہیں اور ہر بلاک میں G+3 عمارت تعمیر کی گئی ہے۔ سری رام نگر کے 64 مکانات 4 بلاکس پر محیط ہیں۔ حکومت شہر میں تعمیر کئے گئے ڈبل بیڈ روم مکانات مرحلہ وار انداز میں استفادہ کنندگان کو جاری کررہی ہے۔ وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر الاٹمنٹ کی شخصی طور پر نگرانی کررہے ہیں۔