کمشنر بلدیہ نے فیروز خاں سے ملاقات سے انکار کردیا، غریبوں کو کرایہ کی ادائیگی کا مطالبہ
حیدرآباد۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں غریبوں کو ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر میں حکومت کی ناکامی کے خلاف کمشنر جی ایچ ایم سی سے نمائندگی کی کوشش پر کانگریس کے سینئر لیڈر اور نامپلی انچارج فیروز خاں اور ان کے ساتھیوں کو حراست میں لے لیا گیا۔ فیروز خاں سے کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار نے ملاقات سے انکار کردیا جس کے بعد بلدیہ کے دفتر میں پولیس نے فیروز خاں کے علاوہ نائب صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی راشد خاں اور دیگر قائدین کو حراست میں لے کر رام گوپال پیٹ پولیس اسٹیشن منتقل کردیا۔ قائدین کی گرفتاری کے خلاف کارکنوں اور متاثرہ غریب خاندانوں نے بلدیہ کے دفتر کے روبرو دھرنا منظم کیا۔ فیروز خاں ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر کے سلسلہ میں نمائندگی کیلئے جی ایچ ایم سی آفس پہنچے تھے۔ انہوں نے کمشنر کے نام مکتوب حوالے کیا جس میں کہا گیا کہ گذشتہ چھ برسوں سے غریب عوام ڈبل بیڈ روم مکانات کے انتظار میں ہیں اور وہ کرایہ کے مکانات میں 7 تا 10 ہزار روپئے ماہانہ ادا کرنے پر مجبور ہیں۔ فیروز خاں نے غریبوں کیلئے کرایہ کی ادائیگی سے متعلق خصوصی پیاکیج کے اعلان کا مطالبہ کیا جس کے تحت مستحق خاندانوں کو ماہانہ سات تا دس ہزار کرایہ ادا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مستحق خاندانوں کو مکانات کا وعدہ کیا گیا اور مکانات کی تعمیر میں تاخیر کے سبب حکومت کو کرایہ کی رقم ادا کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت نے حیدرآباد میں ایک لاکھ ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر کا وعدہ کیا لیکن گذشتہ چھ برسوں میں محض 3500 مکانات تعمیر کئے گئے۔ کئی مکانات کی تعمیر صرف 50 فیصد تک مکمل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے ٹی راما راؤ مکانات کی تعمیر کیلئے 9800 کروڑ کی اجرائی کا اعلان کرچکے ہیں۔ کے سی آر اور کے ٹی آر پر بھروسہ کرتے ہوئے عوام کرایہ کے مکانات میں زندگی بسر کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2018 میں مکانات کی تعمیر کیلئے ٹنڈرس طلب کئے گئے تھے لیکن کنٹراکٹرس نے میٹریل اور دیگر اخراجات میں اضافہ کے سبب موجودہ قیمت پر تعمیر سے انکار کردیا۔ حکومت کو چاہیئے کہ فوری نئے کنٹراکٹر کا انتخاب کرتے ہوئے مکانات مکمل کرے۔ فیروزخاں نے کہا کہ مرلیدھر باغ اور بوجا گٹہ علاقوں میں حکومت نے مکانات کی فراہمی کا وعدہ کیا تھا۔ ان علاقوں میں عوام سے اراضی حاصل کی گئی لہذا غریب عوام کرایہ کے مکانات میں مقیم ہیں۔ انہوں نے کم از کم 10 ہزار روپئے ماہانہ کے حساب سے رینٹل پیاکیج کے اعلان کا مطالبہ کیا۔ فیروز خاں نے کہا کہ غریبوں کیلئے ان کی جدوجہد جاری رہے گی۔
