درخواست گذاروں کی تفصیلات کا حصول ، درخواستوں کی تنقیح اور یکسوئی پر توجہ
حیدرآباد۔29۔مارچ(سیاست نیوز) حکومت کی جانب سے چلائی جانے والی ڈبل بیڈ روم اسکیم کے استفادہ کنندگان کے انتخاب کا عمل شروع کیا جاچکا ہے اور دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد کے علاوہ جی ایچ ایم سی حدود میں زیر تعمیر ڈبل بیڈ روم فلیٹس کی تعمیر کو جلد مکمل کرنے کی ہدایات کے ساتھ ساتھ حکومت کی جانب سے کنٹراکٹرس کو بقایاجات کی اجرائی کے اقدامات کئے جانے لگے ہیں اورانہیں اندرون 6ماہ تمام تعمیرات کو مکمل کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔جی ایچ ایم سی اور ضلع کلکٹریٹ کی جانب سے درخواست گذاروں کی تفصیلات حاصل کرتے ہوئے ان کی تنقیح اوردرخواستوں کی یکسوئی کے سلسلہ میں اقدامات کو بھی تیز کردیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق ریاستی حکومت تلنگانہ کی جانب سے ریاستی محکمہ بلدی نظم و نسق کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ جی ایچ ایم سی حدود میں جاری ان تعمیرات کو مکمل کرنے کے اقدامات کو یقینی بنائیں اور اندرون 6ماہ ان ڈبل بیڈروم کے استفادہ کنندگان کو فلیٹس کی حوالگی کے عمل کو انجام دینے کے لئے تیار رہیں۔محکمہ بلدی نظم ونسق کے عہدیدارو ںنے بتایا کہ دونوں شہروں میں زیر تعمیر ڈبل بیڈروم فلیٹس کی عمارتوں کو مکمل کرنے کے سلسلہ میں کنٹراکٹرس کو تاکید کئے جانے کے علاوہ انہیں درکار بجٹ کی اجرائی پر بھی توجہ دی جار ہی ہے تاکہ پراجکٹس کی تکمیل ہو ساتھ ہی مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد اور محکمہ مال بالخصوص ضلع انتظامیہ کو درخواستوں کی تنقیح اور درخواست گذاروں کی تفصیلات اکٹھا کرتے ہوئے ان کے انتخاب کے طریقہ کار کا جائزہ لینے کی ہدایت دی جاچکی ہے۔اعلیٰ عہدیدارو ںکے مطابق شہر میں جاری ڈبل بیڈ روم امکنہ کے پراجکٹس کی استفادہ کنندگان کو حوالگی کے لئے ان کے انتخاب کے ساتھ ساتھ پراجکٹس کی تکمیل کے متعلق بھی اقدامات کو تیز کیا جاچکا ہے تا کہ جلد از جلد حوالگی ممکن بنائی جاسکے۔م