ڈبل سنچری اور 5 وکٹیں،124 سال بعد ایسا مظاہرہ

   

لندن۔20 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) انگلینڈ میں کاونٹی چمپئن شپ ڈویژن ون میں کھیل رہی کینٹ ٹیم کے کھلاڑی ڈیرین اسٹیوینس نے نئی تاریخ رقم کردی ہے۔ ڈیرین اسٹیوینس نے میدان پر ایک ایسا کارنامہ انجام دیا ہے جو 124 سال بعد ہواہے۔ ڈیرین اسٹیوینس نے یارکشائر کے خلاف پہلی اننگز میں شاندار ڈبل سنچری بنانے کے بعد دوسری اننگز میں بولنگ میں بھی کمال کیا۔ اسٹیوینس نے دوسری اننگز میں یارکشائر کے پانچ بیٹسمینوں کو اپنا شکار بنایا اور اسی کے ساتھ انہوں نے نئی تاریخ رقم کردی۔دراصل ڈیرین اسٹیوینس 43 سال کے ہیں اور ڈبل سنچری بنانے کے بعد ایک اننگز میں پانچ وکٹ لینے والے وہ دنیا کے دوسرے سب سے معمر کھلاڑی ہیں۔ اس سے پہلے 1895میں ڈبلیو جی گریس نے 46 سال 303 دن کی عمر میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔ یاد رہے کہ یارکشائر کے خلاف اس میچ میں کینٹ کی ٹیم پہلی اننگز میں مشکل میں پھنس گئی تھی۔ صرف 39 رنوں پر اس کے پانچ وکٹ گرگئے تھے۔ اس کے بعد ڈیرین اسٹیوینس کریز پر آئے اور انہوں نے آتے ہی یارکشائر کے بولروں پر حملہ کرنا شروع کردیا۔ اسٹیوینس نے 225 گیندوں پر 237 رنوں کی اننگز کھیلی۔ اس دوران انہوں نے 28 چوکے اور 9 چھکے لگائے۔ سیم بلنگس کے ساتھ انہوں نے چھٹی وکٹ کیلئے 346 رنز کی ہمالیائی شراکت داری کی۔ اسٹیوینس نے پہلی اننگز میں بیٹ سے کمال دکھانے کے بعد دوسری اننگز میں اپنی گیندوں سے قہر ڈھایا۔ اسٹیوینس نے یارکشائر کے خلاف دوسری اننگز میں پانچ وکٹ لئے۔ یارکشائر کے ٹاپ چار بیٹسمین کو اسٹیوینس نے آوٹ کیا۔ ڈیرین اسٹیوینس اس کاونٹی سیزن کے پہلے کھلاڑی ہیں جو 500 سے زیادہ رنز اور 50 سے زیادہ وکٹ لے چکے ہیں۔