حیدرآبادی بریانی کے ساتھ میٹھے کی غیر معمولی مقبولیت، آن لائین غذاؤں کے حصول کے رجحان میں اضافہ
حیدرآباد ۔27۔ڈسمبر (سیاست نیوز) حیدرآبادی بریانی اور ڈبل کا میٹھا کی مقبولیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ حیدرآباد کی یہ پسندیدہ اور مقبول ڈشیس نہ صرف ہندوستان بلکہ دنیا بھر میں اپنی منفرد پہچان رکھتی ہے۔ سال 2024 میں حیدرآباد میں بریانی اور ڈبل کا میٹھا آن لائین ڈیلیوری میں دیگر ڈشیس کے مقابلہ سرفہرست رہا ۔ حیدرآباد میں ان دنوں آن لائین فوڈ ڈیلیوری کا سسٹم تیزی سے عام ہوچکا ہے۔ سوئیگی اور زوماٹو کے ذریعہ اپنی پسندیدہ ہوٹلس و ریسٹورنٹ سے عوام غذا حاصل کر رہے ہیں۔ آن لائین ڈیلیوری کے 2024 کے اعداد و شمار کے مطابق دو لاکھ سے زائد افراد نے سوئیگی کے ذریعہ ڈبل کا میٹھا کا آرڈر کیا اور حیدر آباد میں یہ ڈش آن لائین ڈیلیوری میں ریکارڈ قائم کرچکی ہے۔ غذا کے بعد میٹھے کے استعمال کی حیدر آبادی روایت کے مطابق میٹھے میں عوام ڈبل کا میٹھا کو ترجیح دے رہے ہیں۔ اگرچہ آئسکریم اور دیگر اقسام کے میٹھے بھی ہوٹلس اور ریسٹورینٹس میں موجود ہیں لیکن 2024 میں غذاؤں کے شوقین افراد نے ڈبل کا میٹھا کو ترجیح دی ہے۔ دو لاکھ سے زائد آرڈر صرف سوئیگی پر دیئے گئے جبکہ دیگر ڈیلیوری سسٹمس میں میٹھے کے آرڈر کی تفصیلات دستیاب نہیں ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سوئیگی پر جنوری تا ڈسمبر ڈبل کا میٹھا کے 2.01 لاکھ آرڈر دئے گئے۔ صرف حیدرآباد میں دو لاکھ سے زیادہ آرڈر اس بات کا ثبوت ہے کہ غذاؤں کے انتخاب کے سلسلہ میں عوام حیدرآباد کی روایتی ڈشیس کو ترجیح دے رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ حیدرآباد کی ہوٹلوں اور ریسٹورینٹس میں حیدر آبادی بریانی کی مختلف اقسام کو گاہکوں کے لئے رکھا گیا ہے۔ میٹھے کی بھی کئی اقسام ہیں لیکن ڈبل کا میٹھا زیادہ پسند کیا جارہا ہے۔ حیدر آباد میں ڈبل کے میٹھے کی تیاری کی ترکیب بھی تیزی سے عام ہوچکی ہے ۔ سوشیل میڈیا کے ذریعہ حیدرآبادی پکوانوں کی تیاری سے متعلق ویڈیوز تیزی سے وائرل ہورہے ہیں ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ حیدرآباد میں موجود دیگر ریاستوں سے تعلق رکھنے والے افراد بھی غذاؤں میں حیدر آباد کی روایتی ڈشیس کو ترجیح دے رہے ہیں۔ حیدرآبادی ڈشیس کے آن لائین آرڈر کیلئے کوئی مخصوص ایام نہیں ہیں جبکہ ہفتہ اور اتوار کو بریانی اور میٹھے کے زیادہ آرڈر ریکارڈ کئے جارہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ سوئیگی کے ذریعہ مدرس ڈے کے موقع پر 8050 کیک کا آن لائین آرڈر کیا گیا ۔ حیدرآباد اور اس کے اطراف انفارمیشن ٹکنالوجی کے اداروں کے قیام اور دیگر ریاستوں کے آئی ٹی ماہرین کی حیدرآباد منتقلی کے بعد سے آن لائین غذاؤں کے آرڈر کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔ پرانے شہر میں واقع حیدرآبادی غذاؤں کے لئے مشہور ہوٹلوں اور ریسٹورینٹس میں رات دیر گئے تھے حیدرآبادی غذاؤں کے شائقین کا ہجوم دیکھا جارہا ہے، ان میں سے بیشتر لڑکے اور لڑکیوں کا تعلق ہائی ٹیک سٹی اور فینانشیل ڈسٹرکٹ سے ہوتا ہے۔1