کورونا پر قابو پانے میں حکومت کی پہل،ریاستی وزراء ملا ریڈی اور دیاکر راؤ نے مراکز کا دورہ کیا
حیدرآباد: ریاست میں کورونا پر قابو پانے کیلئے حکومت نے سوپر اسپریڈرس کے طور پر مختلف شعبوں سے وابستہ افراد کی نشاندہی کی ہے جن کے لئے ٹیکہ اندازی کی خصوصی مہم شروع کی گئی ۔ آٹو ، کیاب ڈرائیورس کے علاوہ چھوٹے کاروباریوں اور عوام کے درمیان رہنے والے پیشہ ور افراد کو آج سے ٹیکہ اندازی شروع کی گئی ہے۔ ریاستتی وزیر لیبر ملا ریڈی نے میڑچل ملکاجگری ضلع میں سوپر اسپریڈرس کیلئے قائم کردہ ٹیکہ اندازی مرکز کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کورونا کیسیس میں کمی کیلئے سنجیدگی سے اقدامات کر رہی ہے ۔ ویکسین کی موجودہ مقدار کو سوپر اسپریڈرس کے لئے استعمال کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ دس دنوں تک فرنٹ لائین واریئرس کے طور پر صحافیوں اور سوپر اسپریڈرس کو ٹیکے دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پہلے مرحلہ میں 30 لاکھ سوپر اسپریڈرس کے منجملہ 7.50 لاکھ کو ٹیکہ اندازی کا نشانہ مقرر کیا ہے۔ اس مہم سے کیسیس پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ویکسین کی قلت کے باوجود تلنگانہ حکومت سوپر اسپریڈرس کو ویکسین کی پہلی خوراک فراہم کر رہی ہے ۔ اسی دوران وزیر پنچایت راج ای دیاکر راؤ نے عوام کے درمیان رہنے والے تاجروں اور ڈرائیورس سے ا پیل کی کہ وہ ویکسین حاصل کریں۔ انہوں نے جنگاؤں ضلع کے مختلف ٹیکہ اندازی مراکز کا معائنہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ ورنگل ضلع میں ایک لاکھ 30 ہزار سوپر اسپریڈرس کی نشاندہی کی گئی ہے۔ ڈرائیورس ، چھوٹے کاروبار کرنے والے تاجرین اور دیگر افراد کی ٹیکہ اندازی کے ذریعہ کورونا پر قابو پانے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ 45 سال سے زائد عمر کے 71895 افراد کو ٹیکے دیئے جاچکے ہیں۔ ان میں 54143 کو پہلی خوراک اور 17752 افراد کو دوسرا خوراک دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت تلنگانہ کو درکار تعداد میں ویکسین کی سربراہی میں ناکام ہوچکی ہے۔ تلنگانہ حکومت نے ریاست کے ہر شہری کو مفت ٹیکہ اندازی کا فیصلہ کیا ہے۔ بیرونی کمپنیوں سے ویکسین حاصل کرنے کیلئے گلوبل ٹنڈرس طلب کئے گئے ہیں۔