شیخ عبداللہ سہیل کی چیرمین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن سے نمائندگی
حیدرآباد ۔ 13 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ شیخ عبداللہ سہیل نے کانگریس قائدین کے ایک وفد کے ساتھ صدر نشین تلنگانہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن سید اکبر حسین سے ملاقات کرتے ہوئے ڈرائیور امپاورمنٹ پروگرام اسکیم کے لیے درخواست داخل کرنے کی آخری تاریخ میں توسیع کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک یادداشت پیش کی ہے جس پر ہمدردانہ غور کرنے کا اکبر حسین نے کانگریس قائدین کو تیقن دیا ہے ۔ کانگریس کے وفد میں ترجمان پردیش کانگریس کمیٹی سید نظام الدین صدر حیدرآباد کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ سمیر ولی اللہ کے علاوہ دیگر نے حج ہاوز پہونچکر صدر نشین سید اکبر حسین سے ملاقات کی ۔ بعد ازاں شیخ عبداللہ سہیل نے کہا کہ بیروزگار اقلیتی نوجوانوں کے لیے اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کی ڈرائیور امپاورمنٹ اسکیم کے لیے درخواست داخل کرنے کی 15 نومبر آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے ۔ مگر ہزاروں درخواست گذاروں کو ابھی تک تحصیل آفس سے انکم سرٹیفیکٹس حاصل نہیں ہوئے ۔ تعطیلات کی وجہ سے بھی درخواست گذاروں کو انکم سرٹیفیکٹس حاصل ہونے میں تاخیر ہورہی ہے ۔ لہذا درخواست فارمس داخل کرنے کی آخری تاریخ میں توسیع دینے کی سید اکبر حسین سے نمائندگی کی گئی ہے جس پر انہوں نے مثبت ردعمل کا اظہر کیا ہے ۔۔