ڈرائیور سو جائے تو الارم بج جائیگا ‘ نیا عصری آلہ متعارف

   

آر ٹی سی بسوں میں تنصیب کا مشورہ ۔ چند بسوں میں تجربہ جاری ۔ ایک ماہ بعد فیصلہ متوقع
حیدرآباد۔ تلنگانہ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی جانب سے بین ریاستی بسوں میں ایک ایسا سسٹم نصب کرنے کی منصوبہ کی جا رہی ہے جو ڈرائیور کے چہرے کے تاثرات پڑھ سکے اور اگر وہ سو جاتا ہے تو اسے جگانے کیلئے الارم بجایا جاسکے ۔ ایک مصنوعی انٹلی جنس آلہ ملٹری کالج آف الیکٹرانکس اینڈ میکانیکل انجینئرنگ ( ایم سی ای ایم ای ) کی جانب سے تیار کیا گیا ہے ۔ امکان ہے کہ یہ ڈرائیور کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کیلئے استعمال کیا جائیگا ۔ آر ٹی سی کی جانب سے پڑوسی ریاستوں جیسے آندھرا پردیش ‘ کرناٹک وغیرہ کو زیادہ تعداد میں بسیں چلائی جاتی ہیں۔ چونکہ بیشتر بسیں رات کے وقت دوڑتی ہیں ڈرائیور پر نیند کا غلبہ آسکتا ہے ۔ یہی غلبہ کئی حادثات اور تصادم کی وجہ بھی بنا ہے ۔ عہدیداروں کا ماننا ہے کہ جو آلہ تیار کیا گیا ہے وہ حادثات کو روکنے میں موثر ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے اسے پائلٹ بنیادوں پر کچھ بسوں میں استعمال بھی کرلیا ہے ۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ مابقی بسوں میں اس آلہ کے استعمال کا انحصار ایک ماہ کے تجربات پر رہے گا۔