10 کروڑ روپئے تنخواہ ۔ گنگولی کی ترغیب ۔ سرکاری اعلان باقی
نئی دہلی : انڈین کرکٹ کیلئے زبردست تبدیلی میں راہول ڈراویڈ نے انڈین سینئر ٹیم کا کوچ بننے سے اتفاق کرلیا ہے۔ یہ تبدیلی جمعہ کو دبئی میں منعقدہ آئی پی ایل فائنل کے دوران پیش آئی جب صدر بی سی سی آئی سورو گنگولی اور سکریٹری جے شاہ نے ڈراویڈ کے ساتھ میٹنگ منعقد کی اور انھیں یو اے ای میں T20 ورلڈ کپ کے بعد انڈین ٹیم کا کوچ بننے کی کامیاب ترغیب دی۔ معلوم ہوا ہے کہ ڈراویڈ کو 2023ء تک دو سالہ کنٹراکٹ دیا گیا ہے۔ وہ 10 کروڑ روپئے کی تنخواہ پائیں گے۔ بورڈ کی طرف سے سرکاری اعلان باقی ہے۔ ایک اعلیٰ عہدہ دار نے بتایا کہ ڈراویڈ نے تصدیق کردی کہ وہ ٹیم انڈیا کے اگلے ہیڈ کوچ اور روی شاستری کے جانشین بنیں گے۔ وہ عنقریب سربراہ این سی اے کی حیثیت سے سبکدوش ہوجائیں گے جس کا انھوں نے گزشتہ ماہ ہی جائزہ لیا تھا۔ اس بات کی بھی تصدیق ہوئی ہے کہ ڈراویڈ کے بااعتماد مددگار پارس مہامبرے کو بولنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ وکرم راتھوڑ ٹیم کے بیٹنگ کوچ برقرار رہیں گے۔ فیلڈنگ کوچ آر سریدھر کی تبدیلی کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔