ڈراویڈ راجستھان رائلز کے ہیڈ کوچ بن گئے

   

جے پور ۔ راہول ڈراویڈ نے ٹیم انڈیا چھوڑکر آئی پی ایل میں قدم رکھا ہے۔ راجستھان رائلز نے انہیں اپنا نیا ہیڈ کوچ بنایا ہے۔ ان کا دور جون میں ہندوستانی ٹیم کے ٹی20 ورلڈکپ جیتنے کے ساتھ ختم ہوا۔ اس شاندار کامیابی کے بعد جو ٹیم کو ان کی کوچنگ میں ملی، اب راجستھان نے انہیں اپنا ہیڈ کوچ بنا دیا ہے۔ اس سے پہلے یہ کمان سری لنکا کے تجربہ کارکرکٹرکمار سنگاکارا کے ہاتھ میں تھی۔ سنگاکارا نے اس فرنچائز میں بطور ڈائریکٹر کرکٹ 2021 میں شمولیت اختیارکی تھی تاہم وہ ہیڈ کوچ نہیں رہیں گے لیکن راجستھان رائلز سے وابستہ رہیں گے۔ سنگاکارا کیریبین پریمیئر لیگ اور ایس اے 20 لیگ میں فرنچائزکا کام سنبھالیں گے۔ راہول ڈراویڈ نے حال ہی میں راجستھان رائلزکی فرنچائز کے ساتھ اس معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ ای ایس پی این کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے فرنچائز میں شامل ہوتے ہی اپنا کام شروع کر دیا ہے۔ میگا آکشن سے قبل ٹیم کے نئے کوچ نے کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے پر بات کی۔ رپورٹ کے مطابق راجستھان رائلز ہندوستانی سابق بیٹنگ کوچ وکرم راٹھوڑکو اسسٹنٹ کوچ بنا سکتی ہے۔ وہ ہندوستانی ٹیم کے سلیکٹر بھی رہ چکے ہیں۔ وہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں راہول ڈراویڈ کے کوچنگ عملہ کا حصہ تھے۔ 2019 میں بی سی سی آئی نے انہیں بیٹنگ کوچ بنایا۔ انہوں نے یہ ذمہ داری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 تک پوری کی۔ڈراویڈ کی کوچنگ میں ہندوستانی ٹیم نے ٹی 20 ورلڈ کپ جتیا ہے ۔