جئے پور ۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ راہول ڈراویڈ کے متعلق بڑی خبریں آرہی ہیں۔ یہ خبر ان کے نئے کردار سے متعلق ہے۔ ٹیم انڈیا کے ساتھ اپنی میعاد ختم ہونے کے بعد راہول ڈراویڈ کے اس بیان پرکہ وہ اب بے روزگار ہیں اور انہیں نئی نوکری کی ضرورت ہے، کافی چرچا ہوا۔ ایسے میں ان کے بارے میں کئی قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں ، یہ بھی کہا گیا کہ وہ کے کے آر میں شامل ہو سکتے ہیں لیکن تازہ ترین رپورٹ کے بعد وہ تمام قیاس آرائیاں ختم ہوتی دکھائی دے رہی ہیں۔ اب خبر ہے کہ راہول ڈراویڈ آئی پی ایل میں راجستھان رائلزکے ہیڈ کوچ بن سکتے ہیں۔ ہندوستانی ٹیم کے ساتھ راہول ڈراویڈ کا دور ٹی20 ورلڈکپ 2024 کا خطاب جیتنے کے ساتھ ختم ہوا۔ اب ان کی راجستھان رائلز میں شمولیت کی خبر ہے۔ رپورٹ کے مطابق ڈراویڈ آئی پی ایل 2025 میں راجستھان رائلزکے نئے ہیڈ کوچ ہوں گے۔ اس حوالے سے باضابطہ اعلان بھی جلد کیا جا سکتا ہے۔