ڈرنک اینڈ ڈرائیو مہم میں رکاوٹ پر سدی پیٹ کے اے سی پی کیخلاف مقدمہ درج

   

ٹسٹ سے انکار اور ہنگامہ آرائی کا الزام، ایس آر نگر پولیس اسٹیشن کے قریب واقعہ سوشیل میڈیا میں وائرل
حیدرآباد ۔14۔نومبر (سیاست نیوز) پولیس کی جانب سے ڈرنک اینڈ ڈرائیو کے تحت شہر اور اطراف کے علاقوں میں مہم میں شدت پیدا کردی گئی ہے۔ اس مہم کے تحت حالیہ عرصہ میں کئی فلمی شخصیتوں کو بھی پولیس نے گرفتار کرتے ہوئے شراب پی کر گاڑی چلانے کے جرم میں عدالت نے پیش کیا۔ شہریوں کیلئے تو سخت قانون ہے لیکن بعض پولیس عہدیدار خود کو قانون سے بالاتر تصور کر رہے ہیں۔ اسی غلط فہمی کو آج سنجیوا ریڈی نگر ٹریفک پولیس کے عہدیدار نے غلط ثابت کیا اور سدی پیٹ کے اسسٹنٹ کمشنر پولیس ٹریفک کو ڈرنک اینڈ ڈرائیو مہم میں رکاوٹ پیدا کرنے پر مقدمہ درج کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ سدی پیٹ کے اے سی پی ٹریفک سمن کمار جو سادہ لباس میں تھے، دیگر تین افراد بشمول بزنسمین جئے پال ریڈی کے ساتھ کار میں حیدرآباد آرہے تھے، ایس آر نگر میٹرو اسٹیشن کے قریب چیک پوسٹ پر ڈرنک اینڈ ڈرائیو مہم کے تحت گاڑیوں کی جانچ کی جارہی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ چیک پوسٹ سے قریب کار کو روک دیا گیا اور ڈرائیونگ کرنے والا شخص پچھلی نشست پر چلا گیا اور دوسرے شخص نے ڈرائیور کی نشست سنبھال لی ۔ چیک پوسٹ پر ٹریفک پولیس نے گاڑی کو روکا اور نشہ میں ہونے کا پتہ چلانے بریتھ انالائز ٹسٹ کی خواہش کی۔ کار میں موجود دونوں افراد نے ٹسٹ سے انکار کیا۔ اس مرحلہ پر اے سی پی سمن کمار نے مداخلت کی اور اپنا تعارف پولیس ملازمین سے کرایا۔ انہوں نے اصرار کیا کہ بغیر جانچ کے کار کو جانے دیا جائے۔ سب انسپکٹر جی کانتا راؤ نے کہا کہ ڈرائیور کی تبدیلی کا خود لیڈی پولیس کانسٹبل نے مشاہدہ کیا ، لہذا ڈرائیونگ کرنے والے شخص کو ٹسٹ میں تعاون کرنا چاہئے ۔ اے سی پی برہم ہوگئے اور اپنے عہدہ کا رعب دکھانے لگے۔ سب انسپکٹر کانتا راؤ نے اعلیٰ حکام کو اس کی اطلاع دی اور اے سی پی کے خلاف پولیس میں شکایت کی۔ پولیس مدھورا نگر نے اے سی پی و دیگر تین افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ سرکاری کام کاج میں رکاوٹ کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ اے سی پی سدی پیٹ کی ٹریفک پولیس سے بحث و تکرار کا ویڈیو سوشیل میڈیا میں تیزی سے وائرل ہوگیا۔ بتایا گیا کہ کار میں سوار افراد نے شراب پی رکھی تھی۔ یہ واقعہ چہارشنبہ کی رات پیش آیا اور ویڈیو وائرل ہونے کے بعد لاء اینڈ آرڈر پولیس نے فوری کارروائی کی۔ 1