وقار آباد کے 7 طبی مراکز پر تجربہ کا فیصلہ ، مرکزی حکومت کی اجازت
حیدرآباد۔ ریاست تلنگانہ میں حکومت کو ڈرون کے ذریعہ ادویات کی منتقلی کی اجاز ت حاصل ہونے کے بعد ریاستی حکومت نے وقارآباد کے 7 طبی مراکز پر تجرباتی اساس پر ادویات کی منتقلی کے اقدامات کا فیصلہ کیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ تلنگانہ میں آئندہ ماہ کے پہلے یا دوسرے ہفتہ میں اس تجرباتی عمل کا آغاز کردیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق مرکزی حکومت کی وزارت شہری ہوابازی کی جانب سے ڈرون کے ذریعہ ادویات کی منتقلی کے سلسلہ میں ایک سال کی اجازت فراہم کئے جانے کے بعد ریاستی حکومت نے مختلف امور کا جائزہ لیتے ہوئے ادویات کی ڈرون کے ذریعہ منتقلی کے تجربات کومکمل کرنے کے لئے وقارآباد کا انتخاب کیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ ادویات کی منتقلی کے دوران صاف طور پر نظر آنے والے راستوں اور ایسے راستوں کا بھی انتخاب کیا جائے گا جہاں سے ڈرون صاف نظر آنے کے امکانات نہیں ہوں گے تاکہ ڈرون چلانے کے تجربہ کو مکمل کیا جاسکے۔ ریاست میں حکومت کو حاصل ہونے والی اس اجازت کے بعد اب وقارآباد میں موجود عوامی صحت کے مراکز پر ڈرون کے ذریعہ ادویات پہنچائی جائیں گی اور ان ادویات کو پہنچانے کیلئے بہت کم وقت درکار ہوگا اسی لئے ریاستی حکومت کی جانب سے ابتدائی طور پر بلڈ بینک ‘ دواخانوں اور عوامی طبی مراکز کو ادویات پہنچانے کے اقدامات کئے جائیں گے اور ان اقدامات کے دوران ریاستی حکومت نے ڈرون چلانے کے لئے بلو ڈارٹ نامی کوریئر کمپنی سے معاہدہ کیا ہے اور کہا جارہاہے کہ آئندہ چند یوم کے دوران اس معاہدہ کو قطعیت دیئے جانے کے بعد ابتدائی طور پر ادویات کی منتقلی اور اس کیلئے درکار وقت کا جائزہ لیا جائے گا ۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں نے بتایا کہ تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے ڈرون کے استعمال کی اجازت کے حصول کا مقصد کم سے کم وقت میں ضرورت کے مقام پر ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے علاوہ کورونا وائرس کے ٹیکہ کی فراہمی کو یقینی بنانے کے اقدامات کرنا ہے اور محکمہ صحت کو توقع ہے کہ وقار آباد میں آئندہ ماہ کئے جانے والے ان تجربات کے بعد تلنگانہ کے دیہی علاقوں اور مواضعات کو کورونا وائرس کا ٹیکہ کی فراہمی کے علاوہ دیگر ادویات کو پہنچانے کے عمل میں ہونے والی دشواریاں دور ہو جائیں گی ۔ اس سلسلہ میں حکومت کی جانب سے محکمہ انفارمیشن و ٹکنالوجی کی بھی مدد حاصل کی جاری ہے تاکہ تکنیکی امور کا مشاہدہ کیا جاسکے۔