ڈرون کے ذریعہ متاثرہ علاقوں میں غذائی پیاکٹس کی منتقلی

   

چندرا بابو نائیڈو کا منفرد اقدام،امدادی کاموں میں تساہل پر عہدیداروں پر برہمی
حیدرآباد ۔2۔ ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرا بابو نائیڈو نے وجئے واڑہ کے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں میں تساہل پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے عہدیداروں سے کہا کہ امدادی کاموں کی میری جانب سے راست نگرانی کے باوجود بعض عہدیدار نیند سے بیدار نہیں ہوئے۔ متاثرہ علاقوں کے دورہ کے بعد چندرا بابو نائیڈو نے جائزہ اجلاس میں بعض عہدیداروں پر برہمی ظاہر کی اور کہا کہ سابق حکومت کے دور کی طرح اس مرتبہ کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ امدادی کاموں کی وہ شخصی طور پر متاثرہ علاقوں تک پہنچ کر نگرانی کر رہے ہیں۔ باوجود اس کے بعض عہدیدار ابھی بھی خواب غفلت کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عہدیداروں کو اپنے انداز کارکردگی کو تبدیل کرنا ہوگا۔ کسی بھی کوتاہی یا غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ وہ غذائی اجناس اور ضروری اشیاء کی سربراہی کا وقفہ وقفہ سے جائزہ لیں گے اور اگرکسی علاقہ میں امداد نہیں پہنچ پائی تو اس کے لئے عہدیداروں کو ذمہ دار قرار دیا جائے گا ۔ چیف منسٹر نے پانی میں محصور علاقوں کے متاثرین تک ڈرونس کے ذریعہ فوڈ ڈیلیوری کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈرون ٹکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے غذائی اشیاء اور ضروری سامان کو متاثرین تک بآسانی پہنچایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈرون کے ذریعہ پانی میں گھرے ہوئے خاندانوں میں غذائی پیاکٹس کی تقسیم عمل میں آئے گی۔ وجئے واڑہ کے کئی نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہوچکا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ڈرون کے ذریعہ 8 تا 10 کیلو غذائی اشیاء کو بآسانی منتقل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں عہدیداروں کو منصوبہ بندی کا مشورہ دیا۔ 1