ڈرون کے ذریعہ ویکسین سربراہی کی تیاری‘ وقار آباد میں پراجیکٹ

   

حیدرآباد : ڈرون کے ذریعہ ویکسین ٹرانسپورٹ کرنے والی پہلی ریاست کا تلنگانہ کو اعزاز حاصل ہوا ہے۔ مشہور ڈرون ڈیلوری اسٹارٹپ کمپنی ’ٹیک ایگل‘ کو یہ منظوری ملی ہے۔ میڈیسن فرم دی اسکائی پراجکٹ کے تحت ورلڈ اکنامک فورم نیتی آیوگ، اپولو ہاسپٹلس اور تلنگانہ حکومت کے اشتراک و تعاون سے یہ ممکن ہوپایا ہے۔ فی گھنٹہ 100 کیلو میٹر کی رفتار سے تقریباً 70 کیلو میٹر تک ڈرون سے ٹیکہ سربراہ کیا جاسکتا ہے۔ ڈرون سے ویکسین سربراہی کیلئے ضلع وقارآباد کو پائلٹ پراجکٹ کیلئے منتخب کیا گیا ۔ بعدازاں دیگر اضلاع تک توسیع دی جائیگی ۔ عہدیداروں کا کہنا ہیکہ ویکسین کے ساتھ دوردراز علاقوں کو دوسری اہم ادویات سربراہ کی جاسکتی ہے۔ روڈ رابطہ نہ رہنے کے علاوہ اقل ترین درجہ حرارت نہ رہنے والے علاقے جہاں ویکسین اسٹور کرنے کی سہولت نہیں ہے وہاں ویکسین منتقل کیا جاسکتا ہے۔ گذشتہ سال ڈسمبر میں اتراکھنڈ دہرہ دون سے مسوری تک آئس باکس پر مشتمل نان کوویڈ ویکسین تجربہ کے طور پر روانہ کیا گیا۔ ٹیک ایگل کمپنی کے بانی سی ای او وکرم سنگھ مینا نے کہا کہ ضروری ادویات کو مقررہ وقت پر ڈرون کے ذریعہ سربراہ کرکے عوام کی زندگیوں کو بچایا جاسکتا ہے۔