ڈرگس کا ریاکٹ بے نقاب ، ایک شخص گرفتار

   

منشیات ضبط ، سٹی پولیس کمشنر انجنی کمار کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 25 ۔ نومبر (سیاست نیوز) شہر میں ایک ڈرگس ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے منشیات برآمد کرلیا۔ پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار ایک پر یس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹاسک فورس سنٹرل زون ٹیم کے انسپکٹر محمد عبدالجاوید ٹیم کے ہمراہ راجستھان سے تعلق رکھنے والے گنگا رام بشنوئی کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے او پی ایم ڈرگس ضبط کرلیا۔ انہوں نے کہا کہ بشنوئی 11 سال قبل روزگار کی تلاش میں حیدرآباد منتقل ہوا تھا اور وہ میڑچل ملکاجگیری میں خانگی ملازمت کیا کرتا تھا ۔ کم تنخواہ کے نتیجہ میں اس نے غیر قانونی طور پر پیسے کمانے کیلئے راجستھان سے تعلق رکھنے والے بھیکارام بشنوئی سے رابطہ قائم کیا اور ضلع جالور راجستھان سے خانگی ٹراویل بس کے ذریعہ او پی ایم ڈرگس شہر منتقل کیا گیا۔ بھیکا رام نے گنگا رام بشنوئی کو فی کیلو او پی ایم 4 لاکھ روپئے میں فروخت کیا جس کے نتیجہ میں گنگا رام اسے دوگنی قیمت میں فروخت کرنے کے لئے خواہشمند گاہکوں کی تلاش میں تھا اور اولڈ بوئن پلی ملا ریڈی فنکشن ہال کے قریب او پی ایم کے ساتھ جارہا تھا کہ سنٹرل زون ٹاسک فورس ٹیم نے اسے حراست میں لے لیا اور اس کی تفتیش کی۔ گنگا رام کے قبضہ سے ٹاسک فورس پولیس نے جملہ 4 کیلو 230 گرام او پی ایم ضبط کرلئے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کیس کا ایک اور ملزم بھیکا رام بشنوئی ہنوز مفرور ہے اور پولیس کو اس کی تلاش ہے۔