ڈرگس کا کاروبار، نائجیریائی باشندہ گرفتار

   

کوکین ضبط، ٹاسک فورس پولیس اور پنجہ گٹہ پولیس کی کارروائی
حیدرآباد : /3 اکٹوبر (سیاست نیوز) شہر میں ڈرگس کے کاروبار میں ملوث ایک نائجیریائی باشندے کو ٹاسک فورس پولیس نے گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے کوکین برآمد کرلئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹاسک فورس ساؤتھ زون ٹیم نے پنجہ گٹہ پولیس کی مدد سے ڈائنیل جو نائجیریائی باشندہ ہے اور وہ سال 2014 ء میں اسٹوڈنٹ ویزا پر حیدرآباد آیا تھا اور وہ وویکانندا ڈگری کالج کوکٹ پلی سے ڈگری کی تعلیم حاصل کررہا ہے ۔ وہ شہر کے علاقہ شیخ پیٹ ٹولی چوکی میں مقیم ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ ڈائنیل ڈرگس کے استعمال کا عادی ہے اور اسے خریدنے کیلئے اس نے ایک اور نائجیریائی باشندے جان پال جس کا تعلق دہلی سے رابطہ قائم کیا ۔ سابق میں ڈائنیل کو لنگرحوض پولیس نے ڈرگس کے کیس میں گرفتار کیا تھا اور جیل سے رہا ہونے کے بعد وہ اپنی حرکتوں سے باز نہ آیا اور ڈرگس کے کاروبار میں ملوث ہوگیا ۔ پولیس نے بتایا کہ ڈائنیل اپنے ساتھی نائجیریائی باشندے جان پال کی مدد سے ڈرگس کے خواہشمند گاہکوں کو 8 تا 10 ہزار روپئے میں فی گرام کوکین فروخت کیا کرتا تھا ۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر ٹاسک فورس پولیس نے پنجہ گٹہ کے جی وی کے مال کے قریب نائجیریائی باشندے کو حراست میں لے لیا اور اس کے قبضہ سے 4 گرام کوکین برآمد کرلیا اور اسے عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا ۔