حیدرآباد ۔9 ۔ جنوری (سیاست نیوز) ڈرگس کیس میں فلم ایکٹر نودیپ کو تلنگانہ ہائی کورٹ سے راحت ملی ہے ۔ تلنگانہ ہائی کورٹ نے ان کے خلاف دائر کردہ ڈرگس کیس کو کالعدم کردیا۔ گڈی ملکاپور پولیس کی جانب سے درج کردہ مقدمہ کو کالعدم کرتے ہوئے عدالت نے کہا کہ نودیپ کے قبضہ سے نارکوٹکس اشیاء کی دستیابی کے بارے میں کوئی ثبوت نہیں ہے ۔ نودیپ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ فلم ایکٹر کا نام مقدمہ کی ایف آئی آر میں درج ہے اور ان کے قبضہ سے منشیات دستیاب نہیں ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ دھاوے کے دوران ضبط کردہ اشیاء میں کسی کا تعلق نودیپ سے نہیں ہے۔ عدالت نے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ ثبوت کے بغیر مقدمہ کو جاری رکھنا درست نہیں ہے۔ نودیپ کے قبضہ سے ڈرگس دستیاب نہیں ہوئے ، لہذا عدالت نے مقدمہ کو کالعدم کردیا۔ واضح رہے کہ ستمبر 2023 میں نودیپ کے خلاف پولیس نے ڈرگس کا مقدمہ درج کیا تھا۔ گرفتار کئے گئے افراد میں نو دیپ کو 39 ویں ملزم کے طورپر شامل کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ رامچند نامی شخص کی گواہی پر نودیپ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ پولیس نے نودیپ کی قیامگاہ پر بھی دھاوا کیا تھا۔1
