کے ٹی آر کے ڈرگ ٹسٹ کا چیلنج، نئی دہلی میں ریونت ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/5 اپریل، ( سیاست نیوز)صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے ڈرگ اسکام کے سلسلہ میں تحقیقات کیلئے مرکز کو مکتوب روانہ کرنے کا چیف منسٹر کے سی آر کو چیلنج کیا۔ نئی دہلی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت اپنے قریبی افراد کو ڈرگ اسکام سے بچانے کیلئے معصوم بچوں کا سہارا لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت پردیش کانگریس وہ سی بی آئی، ای ڈی، نارکوٹکس کنٹرول بیورو اور دیگر کسی بھی مرکزی ادارہ سے اسکام کی تحقیقات کیلئے تحریری طور پر تیقن دینے تیار ہیں۔ اگر حکومت اسکام کو بے نقاب کرنے میں سنجیدہ ہو تو چیف منسٹر کو مرکزی حکومت کو مکتوب روانہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بنجارہ ہلز میں پب پر پولیس کی کارروائی کے بعد ٹی آر ایس کی جانب سے ان کے قریبی افراد کے ملوث ہونے کا الزام عائد کیا جارہا ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ جس پب پر پولیس نے دھاوا کیا اسے 24 گھنٹے کھلا رکھنے کی اجازت کس نے دی؟۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کی اجازت سے ہی پب چل رہا تھا۔ انہوں نے سوال کیا کہ پب میں موجود 125 افراد کو ٹسٹ کئے بغیر ہی جانے کی اجازت کیوں دی گئی۔ اس معاملہ میں میرا کوئی قریبی فرد ملوث ہو تو اسے سزا دی جائے۔ معصوم بچوں کی آڑ میں ٹی آر ایس کو گھٹیا سیاست سے گریز کرنا چاہیئے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ میرے قریبی افراد پر شبہات ہوں تو وہ کسی بھی ہاسپٹل میں ٹسٹ کیلئے لانے تیار ہیں۔ میرے بچوں کا میں ڈرگ ٹسٹ کرانے تیار ہوں۔ کے سی آر کو اپنے فرزند کے ٹی آر کا ڈرگ ٹسٹ کرانا ہوگا۔ انہوں نے اس سلسلہ میں کے سی آر کو چیلنج کیا اور کہا کہ سابق میں کے ٹی آر ڈرگ ٹسٹ کے چیلنج سے فرار اختیار کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی خاطیوں جن میں چیف منسٹر کے قریبی افراد شامل ہیں انہیں بچانے کیلئے پب میں موجود معصوم بچوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ریونت ریڈی نے مرکز اور ریاستی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف 6 اپریل کو کلکٹریٹس کے گھیراؤ اور 7 اپریل کو سیول سپلائیز اور ودیوت سودھا دفاتر کے گھیراؤ کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے قائدین اور کارکنوں کو احتجاج میں حصہ لینا ہوگا۔ چیف منسٹر کی جانب سے 11 اپریل کو دہلی میں احتجاج کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ 8 اپریل کو پارلیمنٹ کا اجلاس ختم ہوگا ایسے میں 11 اپریل کے احتجاج پر کون توجہ دے گا۔ انہوں نے کے سی آر پر وزیر اعظم مودی سے خوفزدہ ہونے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ اگر ہمت ہو تو کے سی آر کو وزیر اعظم سے ملاقات کا وقت طلب کرنا چاہیئے۔ پریس کانفرنس میں ڈاکٹر چنا ریڈی اور سمپت کمار موجود تھے۔ر