ڈرگ معاملہ : دیپیکا، شردھا اور سارہ سے این سی بی کی پوچھ تاچھ

,

   

ممبئی : بالی ووڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد سامنے آئے ڈرگ معاملہ نے بالی ووڈ میں ہلچل پیدا کردی ہے۔ انسداد منشیات بیورو (این سی بی )نے ایکٹریسیس دیپیکا پڈوکون ،شردھا کپور اور سارہ علی خان سے آج پوچھ تاچھ کی ہے، جبکہ فلم ساز کرن جوہر نے صفائی دی ہے۔ این سی بی کے حکم پر ہفتہ کو دیپیکا پڈوکون ، شردھا کپور اور سارہ علی خان نے پوچھ تاچھ کا سامنا کیا۔دیپیکا ہفتہ کی صبح این سی بی آفس میں حاضر ہوئی اور ان سے تقریباً 3 گھنٹے تک پوچھ تاچھ کی گئی۔ دیپیکا کے بعد شردھا کپور اور سارہ علی خان بھی این سی بی کے سامنے اپنا بیان درج کروایا ۔ اس سے قبل جمعہ کو این سی بی نے دیپیکا کی ٹیلنٹ منیجر کرشمہ پرکاش سے پوچھ گچھ کی تھی۔ ان کے علاوہ اداکارہ رکول پریت سنگھ سے بھی سوال جواب کیے گئے۔ کرشمہ پرکاش ہفتہ کو پھر پوچھ گچھ کیلئے پہنچی۔ واضح رہے کہ ان ایکٹرس کا نام اس مقدمہ کی ملزمین کی فہرست میں نہیں بلکہ انہیں صرف پوچھ تاچھ کیلئے طلب کیا گیا ہے تاکہ ہندی فلمی صنعت میں ڈرگس کی سازباز میں ملوث افراد کا پردہ فاش کیا جاسکے۔ دیپیکا واٹس ایپ چیاٹ کے منظر عام پر آنے کے بعد اس معاملہ کی زد میں آئی ہیں۔ 28 اکتوبر 2017 کی اس چیاٹ میں دیپیکا پادوکون مبینہ طور پر کرشمہ سے نشیلی اشیا کا مطالبہ کر رہی ہیں۔ یاد رہے کہ سشانت کی ٹیلنٹ منیجر جیا ساہا کی واٹس ایپ چیٹ سے دیپیکا پادوکون اور شردھا کپور کے نام سامنے آئے ہیں۔